راجن پور،خانیوال،ڈیرہ غازیخان، شادن لُنڈ (ڈسٹرکٹ رپورٹر،نامہ نگاران) راجن پور کے نواحی علاقہ عربی ٹبہ کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے شہید دو پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ پولیس لائنز میں ادا کردی گئی، جاں بحق پولیس اہلکاروں میں اے ایس آئی ثقلین فرید اور علمدار شاہ شامل ہیں، پولیس نے کہا کہ ٹیم کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کے لیے گئی ہوئی تھی جنہوں نے پولیس وین پر فائرنگ کردی، ملزمان جائے وقوع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ، ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس نے آپریشن شروع کردیا جبکہ فائرنگ سے زخمی ہونے والوں کو ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کردیا گیا، روجھان میں شرپسند عناصر کی پولیس وین پر فائرنگ کا واقعہ میں شہید2ایلیٹ فورس شہدا کی نماز جنازہ اعزاز کے ساتھ پولیس لائن میں ادا کردی گئی جبکہ شہید ہونیوالے دیگر 2اہلکاروں اور1شہری کا جسد خاکی انکے آبائی علاقوں میں روانہ کردیا گیا جہاں نماز جنازہ کے بعد تدفین کردی گئی، نماز جنازہ میں آر پی او محمد عمران احمر، ڈی پی او راجن پور احسن سیف، ڈپٹی کمشنر رانا محمد افضل ناصر خان، کمانڈنٹ رینجر، ایم پی اے فاروق امان اللہ خان دریشک،وکلا،صحافیوں سمیت تمام مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد شریک تھے ، آر پی او اور ڈی پی او نے کہا پولیس کے شہدا نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا ، ادھر راجن پور میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے شہید ہونیوالے پاک فوج کے حوالدار اظہر اقبال کی نماز جنازہ کے بعد انکے آبائی گاؤں چک 13 نائن آر ڈانگریاں والا میں تدفین کر دی گئی، ادھر پولیس مقابلہ میں شہید اہلکار محمد سلیمان کی پولیس لائن میں نماز جنازہ ادا کردی گئی، محمد سلیمان لادی گینگ سے مقابلہ میں شہید ہوا تھا۔