اسلام آباد (نامہ نگار،92 نیوزرپورٹ،این این آئی)احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد بشیر نے رینٹل پاور کرپشن کیس میں سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف سمیت تمام دس ملزمان کی بریت کی درخواستیں مسترد کر دیں ۔بدھ کو احتساب عدالت نے نوڈیرو-2رینٹل پاور کرپشن کیس کا فیصلہ سنایا۔دیگر ملزمان میں طارق نذیر،عبدالمالک، رسول خان محسود،شاہد رفیع، شیخ ضرار اسلم، طاہر بشارت چیمہ، ملک محمد رضی عباس، وزیر علی بھائیو اور رانا محمد امجد شامل ہیں۔ملزمان نے نیب ترمیمی آرڈیننس 2019 کے تحت بریت کی درخواستیں دائر کی تھیں ،سابق وزیراعظم سمیت دیگر ملزمان کے خلاف 2013 میں نیب نے رینٹل پاور کرپشن ریفرنس دائر کیا تھا،ملزمان پر اختیارات کے ناجائز استعمال اور 75 لاکھ روپے قومی خزانہ کو نقصان پہنچانے کا الزام ہے ۔ملزمان نے نیب ترمیمی آرڈیننس اور قومی خزانے کو نقصان نہ ہونے کی بنیاد پر بری کرنے کی استدعا کی تھی۔