اسلام آباد،لاہور(92نیوزرپورٹ،سٹاف رپورٹر) چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ طاہر اشرفی نے وزیراعظم عمران خان کو لکھ کر مدارس اور مساجد کے بل معاف کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔وزیراعظم عمران خان کے نام لکھے گئے خط میں مطالبہ کیا گیا ہے ملک بھر کی مساجد اورمدارس کے 4 ماہ کے بجلی اورگیس کے بل معاف کئے جائیں۔چیئرمین پاکستان علما کونسل نے خط میں کہا ہے کہ ریلیف کے کاموں میں مدارس کے طلبا، اساتذہ، علما، مشائخ، موذن اورخطبا کو بھی شامل کیا جائے اور انکی امداد کی جائے ،خط کا ابھی تک وزیراعظم ہائوس کی طرف سے کوئی جواب نہیں آیا۔ دریں اثنا حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے مدارس و مساجد ملک کے محب وطن ادارے ہیں ،ان اداروں کا سارا دارمدار شعبان، رمضان اور شوال پر مشتمل ہوتا ہے انہیں تین ماہ کے دوران مخیر حضرات زیادہ سے زیادہ تعاون کرتے ہیں لیکن امسال کرونا کی وجہ سے پورا ملک لاک ڈائون ہے اور مساجد و مدارس بھی بند ہیں مشکل کی اس گھڑی میں آج ریاست کو ان اداروں کے ساتھ کھڑا ہونا چاہئے اور ان کی مدد کرنی چاہئے ۔