لاہور(انور حسین سمرائ) وزیر اعظم عمران خان نے قومی ہائی ویزے پر مختلف محکموں و ایجنسیوں کی چیک پوسٹوں پر کرپشن کا نوٹس لے کر انہیں ختم کرنے کاالٹی میٹم دیتے ہوئے وارننگ دی ہے کہ کرپشن ختم نہ ہونے پر چیف سیکرٹریز، ڈائریکٹر جنرلز اور انسپکٹر جنرل پولیس کے خلاف کارروائی ہوگی۔وزیر اعظم کے علم میں یہ بات آئی ہے کہ قومی شاہراہوں پر قائم مختلف محکموں و ایجنسیوں جن میں پولیس ، ایکسائز، کسٹمز، رینجر، فرنٹیر کانسٹیبلری اور کوسٹل گارڈز کی طرف سے قائم کی گئی چیک پوسٹوں پر گڈز ٹرانسپورٹ سے چیکنگ کے نام پر ریگولر بھتہ لیا جاتا ہے ۔ بھتہ کا یہ کاروبار کراچی ، طورخم ہائی وے ،کراچی چمن ہائی وے روٹس پر ہوتا ہے ۔ ہائی ویزے پر چیک پوسٹوں پر بھتہ وصول جہاں اشیا کی نقل و حرکت اور کاروبار کو مہنگا کرتی ہے وہاں عام سفر کرنے والی عوام کے لئے بھی مشکلات بھی بڑھ جاتی ہیں۔چیک پوسٹوں پر کرپشن پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم نے حکم دیا کہ چیک پوسٹوں کے ایس او پیز کا ازسر نو جائزہ لیا جائے اور اس مسئلہ کو فوری طور پر ختم کیا جائے ورنہ محکموں و ایجنسیوں کے ذمہ دار افسران،چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل اور ڈائریکٹر جنرل کے خلاف ایکشن لیا جائے گا۔ وزیر اعظم پاکستان کے پرنسپل سیکرٹری محمد اعظم خان نے وزیر اعظم کی ہدایات کا مراسلہ وفاقی سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری نارکوٹیکس، تمام صوبائی چیف سیکرٹریز، چیئرمین ایف بی آر، چیف کمشنر اسلام آباد، تمام انسپکٹر جنرل پولیس، انسپکٹر جنرل ایف سی، ڈی جی رینجر اور ڈی جی کوسٹل کارڈز کو ارسال کردیاہے جس میں حکم دیا گیا ہے کہ ان پر مکمل عمل درآمد کرکے رپورٹس ایوان وزیر اعظم کو بھجوائی جائے ۔ پنجاب حکومت کے ایک سینئر اہلکار نے بتایا کہ ان پوسٹوں پر اہلکاروں کی تعیناتی بڑی سفارشوں اور دیگر معاملات کے ذریعے ہوتی ہے کیونکہ یہ چیک پوسٹیں سونے کی چڑیا ہیں۔