کراچی(سٹاف رپورٹر)پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کرونا وائرس سے ڈرنے کی نہیں لڑنے کی ضرورت ہے ،یہ وقت حکومت پر تنقید کرنے کا نہیں بلکہ اس کے ساتھ کھڑے ہونے کا ہے ، میں وزیراعظم عمران خان پر کوئی تنقید نہیں کروں گا،ہمارا وزیراعظم اور پورا پاکستان اس وائرس کا مقابلہ کرسکتا ہے ،امید ہے وفاقی حکومت قیادت کرتے ہوئے تمام صوبوں کو ساتھ لیکر چلے گی۔ گزشتہ روز سندھ اسمبلی بلڈنگ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول نے کہا کہ کرونا سنگین عالمی وقومی مسئلہ ہے ،کرونا وائرس کے خلاف ہم تاخیر سے متحرک ہوئے ۔ اب ہم کوروناوائرس کے کمیونٹی میں پھیلنے کے مرحلے میں داخل ہوچکے ہیں،میں پورے ملک سے اپیل کروں گا کہ آئسولیشن کی کوشش کریں ہمیں خودکو ازخودقرنطینہ کرناہوگا۔وفاقی حکومت تمام صوبوں کی مدد کرے ،ہم پورے ملک میں ایک ساتھ اقدامات کریں تو کروناکو پھیلنے سے روکاجاسکتاہے ۔برطانیہ میں وزیراعظم فرنٹ سے لیڈ کررہے ہیں،امیدہے ہمارا وزیراعظم بھی قائدانہ کرداراداکریگا۔یہ وقت تنقید یاالزامات کا نہیں وقت آئے گا تو سیاست کرینگے ، اس وقت دنیا کے ترقی یافتہ ممالک بھی پریشان ہیں، کراچی میں بڑا فیلڈ ہسپتال بنایاجائے گا،ہم چاہتے ہیں کہ پورے ملک میں لاک ڈاؤن ہو، جس سے اگلے 15روز گھروں پر رہناپڑے گا،سندھ حکومت تمام غریب عوام کے گھروں تک راشن،کھانا پہنچائے گی،سندھ حکومت یقینی بنائے کہ کوئی یومیہ اجرت پر کام کرنے والا بیروزگارنہ ہو، مالکان کو پوری تنخواہ ملازمین کو دیناہوگی ،سندھ حکومت مالکان کوبعد میں متبادل دے گی۔انہوں نے خبردار کیا کہ کرونا کے سبب دو محاذوں پر جنگ ہونے والی ہے ،وائرس سے معیشت پر اثر ہوناہے ،وفاق کو سوچنا ہوگاکہ معیشت بچانے کے لئے کیا کیا جاسکتا ہے ،کورونا وائرس سے نمٹنے کے بعد بھی اربوں روپے بحالی کے لئے درکار ہوں گے ۔ڈر ہے کہ تفتان بارڈر سے نہ جانے کتنے لوگ ازخود نکل گئے ہوں،ہم لاک ڈاؤن خوشی سے نہیں کررہے ،لوگوں کی جانیں بچانے کے لئے مجبور ہیں۔