نئی دہلی (نیٹ نیوز ) بھارتی سپریم کورٹ نے بابری مسجد کے بعد رافیل طیاروں کی خریداری میں کرپشن پرایک بار پھر بی جے پی حکومت کے حق میں فیصلہ دیدیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق عدالت عظمیٰ نے ایک اور فیصلے میں مودی سرکار کو کلین چٹ دیتے ہوئے رافیل طیاروں کی خریداری میں بھاری کمیشن لینے پر بی جے پی حکومت کیخلاف دائر درخواستوں کو مسترد کرنے کے فیصلے پر نظرثانی کی درخواستوں کو بھی مسترد کردیا۔بھارتی سپریم کورٹ نے فیصلے میں کہا کہ دفاعی معاہدوں میں سودوں کی قیمتیں طے کرنا عدالت کے دائرے اختیار میں نہیں آتا، قیمتوں کا تعین کلی طور پر حکومت کا کام ہے ۔ عدالت مداخلت نہیں کرسکتی۔ اسلئے عدالت گزشتہ دسمبر میں دیئے گئے فیصلے کو برقرار رکھتے ہوئے نظر ثانی کی درخواست کو مسترد کرتی ہے ۔