لاہور،ملتان(خصوصی نمائندہ،سپیشل رپورٹر)وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ڈرامے بازیاں کرنے کا دور گزر چکا ہے ، ہماری حکومت عمل پر یقین رکھتی ہے ، ماضی میں تونسہ شریف سمیت جنوبی پنجاب کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک روا رکھا گیا اورجنوبی پنجاب کے عوام کے ساتھ ترقی اور خوشحالی کے منصوبوں کے نام پر دھوکہ کیا گیا،پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے ساتھ ماضی میں ہونے والی زیادتیوں کا ازالہ کیا جائے گا۔وزیراعلیٰ نے تونسہ شریف میں شہریوں ، تحریک انصاف کے کارکنوں اور رہنماؤں سے ملاقات کی،وزیر اعلی لان میں کھڑے ہو کر3 گھنٹے تک شہریوں ، تحریک انصاف کے کارکنوں اور رہنماؤں سے ملتے رہے اور ان کے مسائل سنے اور ان کے حل کے لئے موقع پر ہی انتظامیہ کو ہدایات جاری کیں۔وزیر اعلیٰ نے مہمانوں کا پرجوش استقبال کیااورمعانقہ بھی کرتے رہے ، وزیر اعلیٰ شہریوں سے اردو، سرائیکی اور بلوچی زبان میں گفتگو کرتے رہے ،وزیر اعلی نے شہریوں سے مسائل اور عوامی ضروریات کے منصوبوں کے بارے میں دریافت کیا،وزیر اعلیٰ نے معذور بیٹی کو لیکر آنے والے شہری کا مسئلہ فوری حل کرنے کا حکم دیا،وزیر اعلیٰ نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ بچی کو مصنوعی ٹانگ لگانے کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں۔علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ بھارت کا جنگی جنون اور جارحانہ عزائم کشمیر کی آزادی اور خطے میں قیام امن کیلئے سب سے بڑی رکاوٹ ہے ،خودساختہ ڈرامے کو بنیاد بناکر بھارتی حکومت کے جنگی جنون کی شدیدمذمت کرتے ہیں۔بعدازاں انہوں نے لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے انتخابات میں کامیابی پر نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد دی ہے ،وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے نو منتخب صدرحفیظ الرحمن چودھری، نائب صدرکبیر احمد چودھری،سیکرٹری فیاض احمد رانجھا اورفنانس سیکرٹری انصر جمیل گجر کے نام اپنے تہنیتی پیغام میں کہا ہے کہ امید ہے کہ نومنتخب عہدیداران وکلاء برادری کی فلاح و بہبود کیلئے بھرپور کردار ادا کریں گے اور نئی قیادت وکلاء برادری کے مسائل کے حل کیلئے اپنی توانائیاں بروئے کار لائے گی۔علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے گزشتہ روز ملتان کا مختصر دورہ کیا۔ وزیر اعلیٰ تونسہ سے بذریعہ ہیلی کاپٹر ملتان پہنچے اور بعد ازاں لاہور چلے گئے ۔ لاہور(خصوصی نمائندہ)سانحہ ساہیوال جے آئی ٹی کی رپورٹ سے متعلق جائزہ اجلاس آج طلب کرلیا گیا، سانحہ ساہیوال جے آئی ٹی رپورٹ سے متعلق اجلاس ایوان وزیراعلی میں ہوگا۔اجلاس کی سربراہی وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کریں گے ۔