اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر) وزیراعظم کی معاون خصوصی اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ آٹا اور چینی بحران پر تحقیقاتی رپورٹ میں وزیراعظم نے کچھ مزید جوابات طلب کئے ہیں، بحران کے ذمہ داروں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا ،مہنگائی کی روک تھام کے لئے کابینہ میں تجاویز پیش کی جائیں گی۔گزشتہ روزاین ڈی آرایم ایف کے چیف ایگزیکٹو لیفٹیننٹ جنرل(ر) ندیم احمد اور ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے پریس کانفرنس کی۔ اس موقع پر لیفٹیننٹ جنرل(ر) ندیم احمد نے کہا نیشنل ڈیزاسٹر فنڈ ز کے حوالے سے صوبائی حکومتوں کے ساتھ کام کر رہے ہیں ، ماضی میں کوئی حکمت عملی نہیں بنائی گئی۔فردوس عاشق اعوان نے کہا نیشنل ڈیزاسٹر رسک مینجمنٹ فنڈ کا کام قابل تحسین ہے ،ایماندار قیادت کی بدولت ہی دنیا کا اعتماد بحال ہوتا ہے ،ماضی کی حکومتوں کی ترجیحات عوامی نہیں، ذاتی تھیں۔انہوں نے کہا صحافیوں کو تنخواہوں کی عدم ادائیگی کی صورت میں مالی تعاون کی فراہمی کیلئے لائحہ عمل بنائیں گے ۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا رانا ثناء اللہ ’’مجھے بچاؤ ‘‘تحریک چلا رہے ہیں۔فردوس عاشق اعوان نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ وزیراعظم کا سمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن عوامی ریلیف کے لئے بڑا قدم ہے ، قومی معیشت کو اربوں کا نقصان پہنچانے والے سمگلروں کی سرکوبی کی جارہی ہے ، ناجائز منافع خوری کی حوصلہ شکنی کی جائے گی جس سے عوام کو مناسب قیمت پر اشیاء کی فراہمی یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔