لاہور(نمائندہ خصوصی سے ،مانیٹرنگ ڈیسک )ن لیگ کے صدر شہباز شریف نے رانا ثنا اﷲ کے اہل خانہ سے ملاقات کر کے یکجہتی کا اظہار کیا،شہباز شریف نے رانا ثنا اﷲ کی اہلیہ کی ہمت کی تعریف کی اور داماد شہریار رانا کی سیاسی جدوجہد کو بھی سراہا۔ شہباز شریف نے کہاکہ مشکل کی اس گھڑی میں قیادت اور ساری جماعت آپ کے ساتھ کھڑی ہے او رآپ کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔شہبازشریف نے رانا ثنااﷲ کے اہل خانہ کو مکمل قانونی، سیاسی و اخلاقی تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ انہوں نے کہا کہ رانا ثنا اﷲ کی سیاسی جدوجہد کو ان کے مخالفین بھی تسلیم کرتے ہیں ۔ذرائع کے مطابق پارٹی قائد نواز شریف کی ہدایت پر شہباز شریف نے رانا ثنا اﷲ کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔قبل ازیں رانا ثنا اﷲ کی اہلیہ ، بیٹی ، نواسے اور داماد نے کیمپ جیل میں ان سے ملاقات کر کے ان کی خیریت دریافت کی ۔ اہل خانہ نے دوپہر کا کھانا بھی ان کے ہمراہ کھایا ۔ اس موقع پر اے این ایف کے کیس پربھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔علاوہ ازیں شہبازشریف نے چودھری شجاعت حسین کے بیٹے چودھری سالک حسین کوٹیلیفون کیااورچودھری شجاعت کی خیریت دریافت کی،سالک حسین نے شہبازشریف کوشجاعت حسین کی صحت اورعلاج سے متعلق آگاہ کیا،شہباز شریف نے چودھری شجاعت کی صحت میں بہتری پراطمینان کااظہارکرتے ہوئے مکمل صحتیابی کی دعا کی۔