راولپنڈی (رپورٹر 92نیوز ) شائقین کرکٹ نے ایچ بی ایل پی ایس ایل کے دوران سکیورٹی کے شاندار انتظامات پر پاک فوج اور اداروں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ جمعرات کو پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے میچ سے قبل شائقین نے سکیورٹی انتظامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی میں پاک فوج نے بھرپور کردار ادا کیا ہے ، بابر نثار، حسنین تنویر اور وقاص اعظم نے بتایا کہ پہلی بار پی ایس ایل کے تمام میچز پاکستان میں ہورہے ہیں جس کا کریڈٹ پاک فوج اور ہمارے سکیورٹی اداروں کو جاتا ہے انہوں نے شائقین کرکٹ سے اپیل کی کہ سکیورٹی معاملات پر پاک فوج، رینجرز اور پولیس سمیت تمام اداروں سے مکمل تعاون کریں تاکہ پاکستان میں مکمل انٹرنیشنل کرکٹ بحال ہوسکے ، بابر نثار نے بتایاکہ پاکستان میں غیر ملکی کھلاڑی آنا شروع ہو گئے ہیں۔اسلام آباد اورکوئٹہ کے میچ میں شائقین نے پاک فوج اور کشمیر کے حق میں نعرے بازی بھی کی۔