راولپنڈی،لاہور، قصور، شیخوپورہ ، اوکاڑہ، چونیاں ، چیچہ وطنی (رپورٹر92نیوز، کرائم رپورٹر، ڈسٹرکٹ رپورٹرز، تحصیل رپورٹر،نمائندہ 92 نیوز ) راولپنڈی کے علاقہ میں رشتہ کے تنازع پر دیوار نے بھائیوں سے ملکر بھابی کے گھر جا کر فائرنگ کر کے بھابھی کو زخمی جبکہ اسکی تین بہنوں اور ایک بھائی کو موت کے گھاٹ اتار دیا، لاہور میں امریکی خاتون کی لاش گھر سے برآمد ہوئی ہے جبکہ دیگر واقعات میں پانچ افراد ہلاک ہو گئے ۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ ایئر پورٹ کے علاقہ ڈھوک کمال دین میں ایرج نے خرم نامی شخص سے پسند کی شادی کی تھی ، پسند کی شادی کرنے کے بعد طلاق کا مطالبہ کرنے پر دیور غلام عباس نے خرم اور بابر کے ساتھ ملکر بھابی کے گھر جا کر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ایرج کی بہنیں صباحت ، حرانوشین ،فائزہ اور بھائی علی حیدر جاں بحق ہو گئے جبکہ بھابھی ایرج زخمی ہو گئی۔ سی پی او محمد احسن یونس کے مطابق مقدمہ درج کر کے ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں ۔ لاہور کے علاقہ فیکٹری ایریا میں گھر سے امریکی خاتون 80 سالہ میری علی کی لاش برآمد ہوئی ہے ۔ پولیس کے مطابق خاتون کرائے کے مکان میں رہائش پذیر تھی۔ پولیس کے مطابق میری علی کی موت ہارٹ اٹیک کے باعث معلوم ہوتی ہے تاہم اصل حقائق پورسٹمارٹم رپورٹ آنے پر معلوم ہوں گے ۔ چھانگا مانگا کے نواں کوٹ نانک سنگھ میں مخالفین نے فائرنگ کرکے 25سالہ اشفاق کو قتل کر دیا۔تھانہ بھکھی کے علاقہ فیروز وٹواں میں جائیداد کے تنازعہ پر ملزم ملک اعجاز اور اشفاق وغیرہ نے فائرنگ کرکے اپنے بہنوئی ملک وریام کو قتل کر دیا ۔تھانہ سٹی چونیاں کے علاقہ میں کھنڈرات سے شبیر نامی نوجوان کی لاش ملی ہے ، ورثا کے مطابق ہمیں شک ہے کہ ہمارے بیٹے کو قتل کیا گیا ہے ۔ چیچہ وطنی میں نامعلوم افراد نے 26 سالہ لڑکی کو قتل کر کے لاش نہر میں بہا دی ،اوکاڑہ کے نواحی گائوں کنڈبوہر کے قریب دریائے راوی سے نوجوان کی مسخ شدہ لاش برآمد ہوئی۔پولیس کے مطابق تفتیش جاری ہے ۔