لاہور (اپنے سٹاف رپورٹر سے )راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ترجما ن ایس ایم عمران نے کہا ہے کہ شاہدرہ کا پورا علاقہ اس منصوبے کاحصہ نہیں ، چنانچہ 20لاکھ آبادی کے اس منصوبے سے متاثر ہونے کی افواہیں بالکل غلط ہیں۔ راوی اربن ڈویلپمنٹ منصوبے کے لئے کسی سے زبردستی زمین نہیں ہتھیائی جائے گی۔ یہ منصوبہ تین مراحل میں مکمل کیاجائے گا۔ پہلا مرحلہ 44ہزار ایکڑ اراضی پر مشتمل ہے جس کے لئے کسی کو بے گھر نہیں کیاجائے گا۔منصوبے کے لئے اراضی حاصل کرنے کی خاطر کسی کو کوئی نوٹس نہیں دیاگیا ۔چنانچہ زمین زبردستی حاصل کرنے کے بارے میں افواہوں میں کوئی صداقت نہیں-شہری راوی منصوبے کے بارے میں اپنی مشکلات ضروربتائیں ، لیکن احتجاج صرف اس وقت کریں جب ان سے یہ کہا جائے کہ ان کی زمین آج ہی ایکوائر کی جارہی ہے ۔اس وقت تو منصوبہ بندی کرنے کے لئے صرف علاقے کا سروے کیاجا رہا ہے تاکہ یہ معلوم کیاجا سکے کہ کس مقام پر کیا چیز واقع ہے ۔ سروے کے نتیجے میں یہ معلوم ہو سکے گا کہ کسی جگہ پر مکان، سکول ‘ ہسپتال ‘ فیکٹری، مسجد‘ مزار وغیرہ یا کوئی دوسری عمارت واقع ہے ۔جاری کردہ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ راوی اربن ڈویلپمنٹ منصوبہ 20سال سے زیادہ پرانا ہے ، مختلف ادوارِ حکومت میں اس پر کام کیاجاتا رہا لیکن کسی نے اس پر اعتراض نہیں کیا،آج احتجاج کی آڑ میں سیاسی مسئلہ شروع کرنے کی کوشش بلاجواز ہے ۔ شہریوں کو جس بات پر اکسایا گیا ہے وہ سچ نہیں۔ شہریوں کی زمینیں قبضہ مافیا ہڑپ کرتے ہیں حکومت نہیں۔حکومت صرف عوام کی بہتری کا سوچتی ہے اور اس کے لیے کام کرتی ہے ۔