لاہور ،اسلام آباد،کراچی ، پشاور ، واشنگٹن (جنرل رپورٹر ،اپنے رپورٹر سے ،کر ائم ر پو ر ٹر ،خبرنگار خصوصی، سٹاف رپورٹر،92 نیوزرپورٹ، مانیٹرنگ ڈیسک ، نیوز ایجنسیاں ) ملک میں کوروناوائرس مزید 2 انسانی زندگیوں کے چراغ گل کر گیا، جاں بحق افراد کی تعداد 237 ہو گئی۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق ملک میں کورونا کے مصدقہ کیس 11155 ہو گئے ، ابتک2527مریض صحتیاب ہو چکے ،ایکٹو کیسزکی تعداد8391 ہے ۔ پنجاب میں سب سے زیادہ 4851 ، سندھ 3671، خیبرپختونخوا 1541، بلوچستان 607، اسلام آباد214، آزاد کشمیر میں55 اور گلگت بلتستان میں 300 کیس رپورٹ ہوئے ۔خیبرپختونخوا میں سب سے زیادہ 85 اموات ہوئیں، سندھ میں 73، پنجاب 65، بلوچستان میں8، اسلام آباد اور گلگت بلتستان میں 3،3 افراد جان کی بازی ہار گئے ، 111افراد کی حالت تشویشناک ہے ۔گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں6839 ٹیسٹ،ابتک 131365افراد کے کورونا ٹیسٹ کئے گئے ۔پنجاب میں84افرادمیں کورونا کی تصدیق کے بعد مریضوں کی تعداد4851ہو گئی جبکہ ابتک کورونا 68افراد کی زندگیاں نگل چکا ،925افراد صحتیاب ہو چکے ۔ترجمان محکمہ صحت کے مطابق صوبے میں768زائرین سنٹرز، 1915 رائیونڈ سے منسلک افراد، 86 قیدیوں، 2082 عام شہریوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو چکی ۔ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں مزید ایک ملازم مین کورونا وائرس کی تصدیق کر دی گئی۔ ڈاکٹرز اور نرسز سمیت عملے کے متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر 29 ہو گئی ۔ ماڈل ٹاؤن سیکٹر میں تعینات وارڈن کو رونا کا شکار ہو گیا، ایکسپو قرنطینہ سنٹر منتقل کر دیا گیا۔انور پارک سمن آباد میں ایک گھر کے 9 افراد میں کورونا وائرس کا ٹیسٹ پوزیٹو آیا ، جن میں چار سالہ بچہ اور آٹھ سالہ بچی بھی شامل ہیں، علاقے کو سیل کر دیا گیا۔ ٹاؤن شپ میں ایک گھر کے 10 افراد میں وائرس کی تصدیق کے بعد متعلقہ گلی کو سیل کر دیاگیا۔ پنجاب میں7مزید قیدی کورونا سے صحتیاب ہو گئے ۔ سروسز ہسپتال میں مریض صحتیاب ہوگئے ، پی آئی سی کے 3 ڈاکٹر، 4 پیرامیڈیکس شامل ہیں۔ ملتان کے نشتر ہسپتال کے ڈاکٹرز،نرسز،پیرامیڈکس نے کوروناکو شکست دیدی۔ سندھ میں شام 5 سے رات 8 بجے تک شہریوں کے گھروں سے نکلنے پر پابندی لگا دی گئی۔سندھ میں رمضان المبارک کے دوران کاروبار پیر تا جمعرات صبح 9 سے سہ پہر 3بجے تک ہوگا، اشیائے ضروریہ کی دکانیں صبح 8 سے شام 5 بجے تک کھلیں گی،ماہ صیام کے دوران لاک ڈاؤن شام پانچ بجے کے بعد ہوگا، سحری میں کوئی ہوم ڈلیوری سروس نہیں ہو۔سندھ کی مساجد میں نماز تراویح کے اجتماعات پر پابندی عائد کردی گئی، مساجد میں صرف تین سے پانچ افراد نماز تراویح ادا کرسکیں گے ۔ مساجد، امام بارگاہوں اور عوامی مقامات پر سحری اور افطاری نہیں ہوگی،تراویح اوراعتکاف کاشہری گھروں میں اہتمام کریں گے ۔خیبرپختونخوا میں رمضان کے دوران لاک ڈائون سخت کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ عوامی مقامات پر ماسک پہننا لازمی قراردیدیا گیا ،شام 4 بجے کے بعد ہر قسم کی دکانیں اور کاروبار بند ہوگا۔مشیر اطلاعات اجمل وزیر کے مطابق میڈیکل سٹورزپابندی سے مستثنیٰ ہوں گے ۔دریں اثناء دنیا بھر میں کورونا سے ہلاکتیں 195443 جبکہ متاثرین 2802118ہو گئے ،776306 مریض صحتیاب 58361کی حالت تشویشناک ہے ۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں مزید4524مریض چل بسے جبکہ 78949 نئے کیس رپورٹ ہوئے ۔امریکہ 752،برطانیہ768،اٹلی 420، فرانس 389،سپین367،آئرلینڈ220، بلجیم189،کینیڈا147،سویڈن131،ترکی 109،میکسیکو 99 ، برازیل94،ایران 93 ،بھارت میں مزید 59 افراد دم توڑ گئے ۔امریکہ میں 50988 ہلاکتیں،903775افراد متاثرہوچکے ۔ ملک میں 45 لاکھ سے زائدٹیسٹ کیے جا چکے ۔صدر ٹرمپ نے 483ارب ڈالر کے امدادی پیکج کی منظوری دیدی۔ صدرٹرمپ نے امریکہ، جرمنی، برطانیہ اور چین میں کورونا کی ویکسین کے تجربات شروع ہونے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہم ویکسین تیار کرنے کے بہت قریب ہیں۔ وائٹ ہاؤس میں بریفنگ دیتے ہوئے امریکی صدر کا کہنا تھا ان کی دنیا کے متعدد رہنماؤں سے گفتگو ہوئی جنہیں وینٹی لیٹرز کی اشد ضرورت ہے ،انہیں یقین دہانی کرائی کہ امریکہ ان کی ضرورت پوری کرنے میں مدد کرے گا۔ پاکستان سے بات ہوئی وہ بھی کچھ وینٹی لیٹرز حاصل کرنا چاہتے ہیں، ہم انہیں کچھ وینٹی لیٹرز دینے جارہے ہیں۔امریکی نائب صدر مائیک پنس نے کہاملک میں تازہ اعدادوشمار خوش آئند ہیں،اگر ہم نے احتیاطی تدابیر جاری رکھیں تو یقین ہے گرمی کے اوائل تک ہم کورونا کو مات د یدیں گے ۔ فلپائن میں لاک ڈائون میں 15 مئی تک توسیع کر دی گئی۔جمہوریہ چیک نے لاک ڈاؤن میں نرمی کرتے ہوئے آزادنہ نقل و حمل پر پابندی ختم کر دی۔جنوبی افریقہ نے بھی یکم مئی سے پابندیوں میں نرمی کا اعلان کیا ہے ۔ یورپی یونین کے رہنماؤں نے رکن ممالک کیلئے 540 ارب یورو کے ہنگامی امدادی پیکج پر رضامندی ظاہر کر دی۔