لاہور(سپورٹس ڈیسک)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ مکی آرتھر کو نئی ملازمت کے سلسلے میں مشکلات کا سامنا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے فارغ ہونے کے بعد انہوں نے بنگلہ دیش کی کوچنگ کی درخواست دی لیکن انہیں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ مکی آرتھر کو اب کسی اور ملک میں قسمت آزمانا ہوگی۔مکی آرتھر کی جگہ پاکستان کرکٹ بورڈ کسی پاکستان کوچ کا تقرر کرنا چاہتا ہے۔ سابق کپتان مصباح الحق کوچ کے لیے مضبوط امیدوار ہیں۔ ہفتے کو جنوبی افریقا کرکٹ ٹیم کے سابق کوچ رسل ڈومینگو کو بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کا نیا ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا ہے۔ نیوزی لینڈ کے سابق ہیڈ کوچ مائیک ہیسن اور پاکستان کے سابق کوچ مکی آرتھر نے بھی درخواست دی تھی لیکن دونوں پر ڈومینگو کو ترجیح دی گئی۔