سرینگر (کے پی آئی)مقبوضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے آگرہ اور دیگر بھارتی جیلوں میں غیر قانونی طور پر نظر بند کشمیری حریت رہنمائوں اور کارکنوں کی حالت زار پر اپنی گہری تشویش کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نظر بندوں کو بدترین سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے ، اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن اور دیگر عالمی تنظیمیں جائزہ لینے کیلئے جیلوں کا دورہ کریں اور انکی رہائی کیلئے بھارت پر دبائو ڈالیں۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں جیلوں میں نظر بند حریت رہنمائوں اورکارکنوں کے اہلخانہ کی فراہم کردہ معلومات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ نظر بندرہنمائوں اور کارکنوں کو انتہائی تنگ و تاریک کوٹھریوں میں قید تنہائی میں رکھا گیا ہے ۔قابض فورسز نے ضلع پونچھ میں عسکریت پسندوں کی ایک کمین گاہ کا پتہ لگاکر اسلحہ بر آمدکرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔بارڈر سکیورٹی فورس نے کٹھوعہ کے ہیرا نگر سیکٹر میں بین الاقوامی سرحد پر 150میٹر لمبی سرنگ کا سراغ لگانے کا بھی دعوی ٰکیا ہے ۔یہ سرنگ بین الاقوامی سرحد پر پنسار علاقے میں کھودی گئی ہے ۔ وادی میں تازہ برف باری کے نتیجے میں ایک مرتبہ پھر بجلی سپلائی میں خلل پڑا اور شمال وجنوب میں اکثر علاقوں میں بجلی سپلائی متاثر ہو گئی۔