لاہور (نامہ نگارخصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے آئی جی پنجاب کو حکم دیا ہے کہ محکمے کے سربراہ ہونے کی حیثیت میں آپ کو امن و امان کی صورتحال پر قابو پانا ہو گا ہائیکورٹ نے قرار دیا ہے کہ جتنا فیلڈ سٹاف صوبے میں ہے وہ اپنی ذمہ داری پوری نہیں کر رہا، جسٹس قاسم خان نے ابوبکر، سرور، رفیق اور دیگر کی مختلف درخواستوں کی سماعت کی ۔عدالت نے آئی جی پنجاب کو ملزموں کا ڈیٹا نادرا سے منسلک کرنے اور تفتیش کا نظام بہتر کرنے کا بھی حکم دیا۔ جسٹس قاسم خان نے استفسار کیا کہ پتہ ہے آپ کو کیوں بلایا ہے ؟ تفتیشی رپورٹ لیکر آتا ہے کہ ملزم ریکارڈ یافتہ ہے تو پتہ چلتا ہے کہ مقدمہ 2003ء کا ہے ۔عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ایسے مقدمات میں ملزم یا تو اشتہاری ہو گا، سزا یافتہ ہو گا یا بری ہو گا جتنا فیلڈ سٹاف صوبے میں ہے وہ اپنی ذمہ داری پوری نہیں کر رہا۔