اسلام آباد (خصوصی نیوز رپورٹر ) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد احمد وحید نے کہا کہ دنیا بھر کی طرح کروناوائرس کی وجہ سے پاکستان میں بھی کاروباری اداروں کو اس وقت شدید مشکلات کا سامنا ہے کیونکہ تجارتی مراکز بند ہونے کی وجہ سے کاروباری سرگرمیاں ماند پڑ گئی ہیں لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ مشکل حالات میں کاروباری اداروں کو مزید مسائل سے بچانے کیلئے حکومت شرح سود کو فوری طور پر کم کر کے پانچ فیصد تک لائے ۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت بڑے بڑے کاروباری اداروں کی بقا خطرے میں پڑ گئی ہے لہذا حکومت اس مشکل صورتحال کا احساس کرے اور کاروباری اداروں کیلئے شرح سود میں واضع کمی کرکے ان کو ریلیف فراہم کرے ۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر طاہر عباسی اور نائب صدر سیف الرحمٰن خان نے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمت میں تاریخی کمی ہو گئی ہے لیکن حکومت نے ابھی تک اس کا فائدہ عوام کو منتقل نہیں کیا لہذا انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت تیل کی قیمت میں کمی کا پورا فائدہ فوری طور پر عوام کو منتقل کرے جس سے کاروبار کی لاگت کم ہو گی ۔ `