کراچی(کامرس رپورٹر)کراچی چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری(کے سی سی آئی) کے سابق صدراورسابق چیئرمین پاکستان سوپ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن عبداللہ ذکی نے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے دیئے گئے پیکج پر تنقید کرتے ہو ئے کہا ہے کہ دنیا بھر میںبجلی،گیس کے بلز تین ماہ کیلئے معاف کردیئے گئے ہیںجبکہ مارک اپ کی شرح زیرو کردی گئی ہے لیکن پاکستان میں کورونا پر بھی سیاست ہورہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پیٹرول کی قیمت 15روپے کم کرنے سے کچھ فائدہ نہیں ہوگا،عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمت جس سطح پر بند ہوئی ہے اس کے تناظر میںتقریباً40روپے فی لیٹر کمی کرنے کی ضرورت تھی لیکن صرف 15روپے فی لیٹر کمی کرکے عوام کے اعتماد کو ٹھیس پہنچائی گئی ہے۔عبداللہ ذکی نے کہا کہ اس وقت ضرورت اس بات کی ہے کہ انڈسٹری کو زیادہ سے زیادہ سہولت دی جائے،انڈسٹری کو بند نہ کیا جائے کیونکہ انڈسٹری چلے گی تو معیشت زندہ رہے،مزدور بھی کام کریں گے اوراگر پیداواری عمل بند ہوا اور مزدور بے روزگار ہوئے تو چوری کی وارداتیں بڑھ جائیں گی۔