راولپنڈی (این این آئی، مانیٹرنگ ڈیسک) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہاہے کہ وقت آگیا ہے کشمیر میں انسانی المیے کو ختم اور مسئلہ کشمیر کو کشمیریوں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے ، دہشت گردوں کو امن کو تباہ نہیں کرنے دیں گے ، مقصد کے حصول تک پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ہر ضروری اقدام کریں گے ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے عید کے روز لائن آف کنٹرول کا دورہ کیا اور ایل او سی پر تعینات فوجیوں کے ساتھ نماز عید ادا کی اور ان کے جذبے کو سراہا، اس موقع پر آرمی چیف نے پاکستان میں امن و استحکام کے لیے دعا کی اور جوانوں کی لگن، جذبے اور پیشہ وارانہ تیاریوں کو سراہا۔ آرمی چیف نے کورونا کی روک تھام کیلئے فارمیشن کے سول انتظامیہ سے تعاون کو بھی سراہا۔آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل قمر جاوید باجوہ نے ملک کیلئے قربانیاں دینے والے شہدا کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج قوم کی توقعات پر پورا اترنے کے لیے ہر اقدام کرے گی، پاکستانی عوام کی سکیورٹی، تحفظ اور فلاح ہماری ذمے داری ہے ۔انہوں نے کہا کہ عید پر کشمیر میں جدوجہد کرنے والے بہادر کشمیریوں کو نہیں بھولنا چاہیے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق عید کے دوسرے روز بھی پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے لوئر دیرکے علاقے تیمرگرہ کا دورہ کیا اور عید کا دوسرا دن مغربی سرحد پر تعینات جوانوں کے ساتھ گزارا۔ اس موقع پر جنرل قمر جاوید باجوہ کو پاک افغان بین الاقوامی سرحد پر انتظامات سے آگاہ کیا گیا اور سرحد کی صورتِ حال پر بریفنگ دی گئی۔جنرل قمر جاوید باجوہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کو ان علاقوں میں بڑی مشکل سے حاصل کیے گئے امن کو تباہ نہیں کرنے دیں گے ، مقصد کے حصول تک پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ہر ضروری اقدام کریں گے ۔ آرمی چیف نے آپریشنل تیاریوں اور جوانوں کے بلند حوصلے کو سراہا ، انہوں نے انسدادِ کورونا کے لیے ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد کی ہدایت دی اور کورونا کے خلاف سول اداروں کی مدد پر فوجی جوانوں کی تعریف کی۔ آرمی چیف نے دفاعِ وطن کے لیے قربانیاں دینے والے شہداکوبھی زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل نعمان محمود نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔