وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار نے پنجاب بھر کے ہونہار اور مستحق طلبا و طالبات کیلئے رحمت للعالمینﷺ سکالر شپ پروگرام کا آغاز کر دیاہے۔ وزیر اعلیٰ ہائوس میں اس سلسلہ میں ویب سائٹ کے افتتاح کے بعد خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رحمت للعالمینﷺ سکالر شپ پروگرام کے تحت پنجاب میں انٹرمیڈیٹ اور بی ایس آنرز کے 14891طلبہ کو 41 کروڑ 70لاکھ روپے کے وظائف دیئے جائیں گے۔ اگلے بجٹ میں اس سکالر شپ کو ایک ارب روپے تک بڑھایا جائیگا۔ رحمت للعالمینﷺ سکالر شپ میرٹ پر50 فیصد ہونہارطلبہ کو اور 50فیصد ضرورت مند اور نادار طلبہ کو دیئے جائیں گے۔ کائنات کی سب سے پاکیزہ ہستی کے مبارک نام سے سکالر شپ کا آغاز بلا شبہ پنجاب حکومت کا عظیم کارنامہ اور بہت بڑا اعزاز ہے جس سے ہونہار اور مستحق طلبہ کیلئے تعلیم کا حصول آسان ہو جائے گا۔ اگلے بجٹ میں رحمت للعالمینﷺ سکالر شپ کی سالانہ رقم ایک ارب روپے ہونے سے مزید لاکھوںطلبا و طالبات اس پروگرام سے مستفید ہو سکیں گے۔ صوبہ بھر میں ایسے طلبہ کی تعداد لاکھوں میں ہے جو اپنے خاندان کی غربت اور ناداری کے باعث اعلیٰ تعلیم کے حصول سے محروم رہ جاتے ہیں۔ رحمت للعالمینﷺ سکالر شپ طلبہ کیلئے نہ صرف مالی امداد کا باعث بنے گا بلکہ اسکے ذریعے ان کیلئے اعلیٰ اور جدید تعلیم کا حصول بھی ممکن ہو سکے گا۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ سکالر شپ کیلئے شفافیت کو یقینی بنایا جائے تا کہ مستحق اور نادار طلبہ نیک مقاصد کیلئے جاری کیے گئے اس سکالر شپ سے صحیح معنوں میں مستفید ہو سکیں۔