اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے رحمت للعالمین ﷺ اتھارٹی کے قیام کا آرڈیننس جاری کردیا۔ ذرائع کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے جاری آرڈیننس کے تحت وزیراعظم رحمت للعالمین ﷺ اتھارٹی کے پیٹرن ان چیف ہوں گے ۔آرڈیننس کے مطابق رحمت للعالمین ﷺ اتھارٹی چیئرمین اور 6 ممبران پر مشتمل ہوگی۔ اتھارٹی کے چیئرمین کا تقرر وزیراعظم کریں گے ۔ اتھارٹی انصاف اور فلاحی ریاست کے خواب کو حقیقت میں بدلنے کیلئے اقدامات کرے گی۔ اتھارٹی نوجوانوں کی کردار سازی کے لئے سیرت نبوی ﷺ اور احادیث پر تحقیق کرے گی۔ اس کے علاوہ اتھارٹی سیرت نبوی ﷺ کو نصاب کا حصہ بنانے کے لئے متعلقہ ماہرین سے بھی مشاورت کرے گی۔