اسلام آباد (این این آئی) ترک صدر رجب طیب اردوان نے اپنے پاکستانی ہم منصب ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان کو ٹیلیفون کرمسئلہ کشمیر پر ترکی کی مکمل حمایت جاری رکھنے کا اعادہ کیا۔ جاری اعلامیہ کے مطابق ترک صدر نے ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان کو عیدالاضحی کے مبارک موقع پر مبارکباد پیش کی جبکہ صدر علوی نے بھی ترک صدر اردوان کو عید کی مبارکباد دی اور ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہارکیا۔ ڈاکٹرعارف علوی نے کہاکہ اس سال عیدالاضحی مشکل حالات میں منائی جا رہی ہے اور دنیا کو کئی چیلنجز درپیش ہیں۔ کورونانے عالمی معیشت کو بری طرح سے متاثر کیا ہے ۔ انہوں نے پاکستان سمیت متعدد ممالک کو کوویڈ 19 کے خلاف جنگ میں معاونت فراہم کرنے پر ترکی کے رہنما کے کردار کی تعریف کی۔دونوں رہنمائوں نے کہاکہ پا کستان اور ترکی میں کورونا کے کیسز کی تعداد میں کمی خوش آئند ہے ۔ صدر عارف علوی نے غیرقانونی طورپربھارت کے زیرتسلط جموں و کشمیر میں کشمیریوں کی حالت زار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ بھارتی مسلمان خوف اور امتیازی سلوک کے ماحول میں زندگی گزار رہے ہیں۔صدر علوی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں صدر اردوان کے کشمیر پر پرزور اور واضح موقف پر ان کا شکریہ ادا کیا اورامیدکااظہارکیا کہ ترکی مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم، غیر قانونی اور یک طرفہ اقدامات کے ایک سال مکمل ہونے پر اپنی اصولی آواز اٹھائیگا ۔ مشکل حالات میں بھی قابض حکومتیں فلسطین اور کشمیر میں اپنا ظلم و جبر جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ترک صدر نے ڈاکٹر عارف علوی کو کورونا وبا کے خاتمے پر ترکی کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔صدرنے کہاکہ پاکستان ترکی کے ملکی مفادات پر مستقل حمایت اور ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی پالیسی جاری رکھے گا۔انہوں نے صدر اردوان کو آیا صوفیہ کو نماز کیلئے دوبارہ کھولنے پر مبارکباد بھی دی۔دریں اثنا ترک صدرنے وزیراعظم عمران خان کو فون کیا ،دونوں رہنمائوں نے ایک دوسرے کو عیدالاضحی کی مبارکباد دی ۔وزیراعظم نے آیا صوفیہ کو نمازکیلئے دوبارہ کھولنے پرصدراردگان کومبارکباد دی ۔وزیراعظم نے ترکی کیساتھ تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ عمران خان اورترکی کے صدررجب طیب اردوان نے باہمی دلچسپی کے تمام ایشوزپرقریبی رابطہ رکھنے پراتقاق کیا۔ وزیراعظم نے کوویڈ19 کیخلاف عالمی مہم میں کرداراورپاکستان سمیت کئی ممالک کو امداددینے پرترکی کی تعریف کی جبکہ کوروناکوروکنے کیلئے پاکستان کی حکمت عملی بالخصوص زندگیوں اوررروزگارکے تحفظ اورمعیشت کو معاونت فراہم کرنے سے متعلق اقدامات سے آگاہ کیا۔دونوں رہنماوں نے ادوایات سازی میں ترقی کیلئے مشترکہ طورپرکام کرنے کے امکانات کابھی جائزہ لیا۔