لاہور(صباح نیوز) کاؤنٹرٹیررازم ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے انتہائی مطلوب 22 خطرناک دہشتگردوں کی فہرست جاری کردی، 18 دہشتگردوں کے سرپرانعامی رقم بھی مقررکررکھی گئی ہے جو 1 کروڑ روپے سے 2 لاکھ روپے تک ہے ۔ انتہائی مطلوب دہشتگردوں کی فہرست مرتب کرنے کا مقصد ان کی گرفتاری میں شہریوں سے مدد لینا ہے ۔فہرست میں سب سے خطرناک دہشتگرد مطیع الرحمان عرف صمد سیال ہے جس کے سرکی انعامی رقم 1 کروڑ روپے مقررہے ۔ دوسرا انتہائی خطرناک دہشتگرد قاری احسان الحق عرف شاہد ہے جس کا تعلق کالعدم لشکرجھنگوی سے ہے ۔ فہرست میں بے نظیربھٹوشہید، سابق صدرجنرل ریٹائرڈ پرویزمشرف، سابق وزیراعظم شوکت عزیز، سابق وزیرداخلہ شجاع خانزادہ حملہ کیس میں مطلوب دہشتگردبھی شامل ہیں۔