لاہور(جنرل رپورٹر) صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشدنے ہولی فیملی ، بے نظیر بھٹو ہسپتال اور انسٹی ٹیوٹ آف یورالوجی راولپنڈی کا دورہ کیا، ڈاکٹرز، نرسز، پیرامیڈیکل سٹاف اور ریسکیو1122کے اہلکاروں سے ملاقات کی، ڈاکٹر یاسمین راشدنے ہولی فیملی ہسپتال میں ڈاکٹرز کے ساتھ وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی ملتان پروفیسر ڈاکٹر مصطفیٰ کمال پاشا کی مغفرت کیلئے بھی اجتماعی دعا کی۔ وزیر صحت نے کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں ڈاکٹرز، نرسز اور پیرامیڈیکل سٹاف کی خدمات کو سراہا اور گلدستے پیش کئے ۔ ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ کورونا کے خلاف جنگ میں جان کی بازی ہار جانے والے ڈاکٹرز، نرسز اور پیرامیڈیکل سٹاف کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، ڈاکٹرز کی دن رات کی محنت کے باعث آج کورونا کے کیسز میں بڑی تیزی سے کمی واقع ہو رہی ہے ، ڈاکٹرز نے فرنٹ لائن کے سپاہی ہونے کے ناطے کورونا وائرس کا مقابلہ کیاجبکہ ڈاکٹریاسمین راشدنے پروفیسرڈاکٹرمصطفیٰ کمال پاشاکے انتقال پرانتہائی دکھ اورافسوس کااظہار کیا ، انہوں نے کہا کہ حکومت انکی کورونا کے خلاف جنگ میں نمایاں خدمات کوسراہتی ہے ۔