لاہور(سپورٹس رپورٹر) دورہ پاکستان پرآئی ہو ئی جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم سکواڈ کا کورونا ٹیسٹ منفی آ گیا جس کے بعد سکواڈ نے کراچی جمخانہ میں ٹریننگ کا آغاز کر دیا ۔سکواڈ ارکان کے کورونا ٹیسٹ سیمپل ہفتہ کے روز پاکستان پہنچنے کے بعد ہوٹل میں لئے گئے تھے جن کے نتائج اتوار کو مل گئے ۔ مہمان ٹیم کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ان کے تمام ارکان کے پہلے کورونا ٹیسٹ منفی آ گئے ہیں۔ نتائج ملنے کے بعد کھلاڑیوں نے بائیو ببل میں رہتے ہوئے کراچی جمخانہ کرکٹ گراؤنڈ میں ٹریننگ کا آغاز کر دیا ہے ۔ کھلاڑیوں نے ہیڈ کوچ مار ک باؤچر کی نگرانی میں ٹریننگ کا آغاز کیا۔ وارم اپ ٹریننگ کے بعدکھلاڑیوں نے گراؤنڈ فیلڈنگ اور نیٹس میں بیٹنگ باؤلنگ کی پریکٹس کی۔ کھلاڑی پانچ رو زتک قرنطینہ میں بائیو ببل میں رہتے ہوئے کراچی جمخانہ میں ٹریننگ کریں گے جبکہ دوسرا کورونا ٹیسٹ منفی آنے کے بعد تئیس جنوری سے مہمان ٹیم نیشنل سٹیڈیم کراچی میں ٹریننگ کا آغاز کرے گی۔ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 26 جنوری سے نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔ واضح رہے کہ جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم 14 سال بعد پاکستانی سرزمین پر ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنے کے لئے کراچی آئی ہے ۔جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم 2007 ء کے بعد پہلی بار پاکستان پہنچی ہے ، ٹیم کی قیادت کوئنٹن ڈی کوک کررہے ہیں جبکہ ٹیم پاکستان میں دوٹیسٹ اور تین ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے گی۔