نئی دہلی(صباح نیوز)بھارتی کانگریس کے راہول گاندھی نے نریندر مودی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت میں سنگ پریوار کی ذیلی تنظیم بی جے پی کی حکومت آنے کے بعد خواتین کے ساتھ زیادتی کے واقعات بڑھ گئے ہیں۔ شیوسینا، آرایس ایس اور دیگر شدت پسند تنظیموں کے کارکنوں نے کشمیریوں اوردیگر اقلیتوں کو اپنی ہوس کا نشانہ بنایا، فوج میں 7ہزار خواتین کی اکثریت کو زیادتی اور ہراساں کرنے کا نشانہ بنایا گیااورتو اور بھارت کے سادھو اور سنت بھی بچیوں اور خواتین کو زیادتی کا نشانہ بنانے میں پیچھے نہیں رہے ،ہزاروں بچیوں کو زیادتی کا نشانہ بناکر قتل کردیاگیا۔بھارت میں بچیوں، لڑکیوں اور خواتین سے زیادتی وبا کی شکل اختیار کرگئی۔ ایک ارب بیس کروڑ کی آبادی کے بھارت میں کشمیری ہوں، دلت یا کوئی اور کسی ماں، بہن اور بیٹی کی عزت محفوظ نہیں۔ سیاحوں اور دیگر غیرملکی خواتین سے زیادتی اور قتل کے واقعات نے مغربی ممالک نے بھارت کو خواتین کے لئے غیر محفوظ ملک قرار دے دیا۔بھارتی کانگریس کے راہول گاندھی نے نریندر مودی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ ماضی میں بھارت میڈ ان انڈیا کے باعث مشہور تھا لیکن اب بھارت ریپ ان انڈیا کے نام سے مشہور ہے ۔ کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا اور دیگر جماعتوں نے بھی حکومت پر تنقید کی اور مطالبہ کیاکہ ملک میں لڑکیوں، خواتین اور سیاحوں کی عزت محفوظ بنائی جائے ۔