ممبئی (نیٹ نیوز) بالی ووڈ اداکارہ وجیا لکشمی نے ہراساں کئے جانے پر خودکشی کی کوشش کی جس پر بھارتی فلم انڈسٹری میں نئی بحث چھڑ گئی ہے ۔وجیا نے خودکشی کی کوشش سے قبل سوشل میڈیا پر چند ویڈیوز شیئر کیں جن میں تامل ناڈو کی مقامی سیاسی جماعتوں کے دو اہم رہنماؤں سیمان اور ہری نادر پر ہراساں کرنے کے الزامات عائد کئے اور بتایا کہ انہوں نے میری تضحیک کی اور آن لائن ہراساں بھی کرتے رہتے ہیں، جسکی وجہ سے میں شدید ذہنی اضطراب میں مبتلا ہو گئی ہیں اور اپنی زندگی کا خاتمہ کر رہی ہوں، انہوں نے حکومت، انتظامیہ اور عوام سے اپیل کی کہ ہراساں کرنیوالے سیاستدانوں کیخلاف ایسی کارروائی کی جائے کہ میری خودکشی مثال بن جائے ۔اداکارہ کو ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹرز کے مطابق اب انکی طبیعت خطرے سے باہر ہے ۔بھارتی میڈیا کے مطابق صارفین اداکارہ کو ہراساں کرنیوالی بااثر شخصیات کی گرفتاری کا مطالبہ کر رہے ہیں۔