فیصل آباد(لیڈی رپورٹر) مدینہ فاؤنڈیشن نے فیصل آبادمیں مزید 50 مستحق جوڑوں کو رشتہ ازدواج میں منسلک کر دیا ہے ۔ شادیوں کی اجتماعی تقریب دی یونیورسٹی آف فیصل آباد امین کیمپس میں ہوئی، جس میں دولہا اور دلہنوں کے رشتہ داروں نے بھی شرکت کی، بیٹیوں کے ہاتھ پیلے ہونے پر والدین نے اللہ کا شکر ادا کیا، تقریب کے مہمان خصوصی دی یونیورسٹی آف فیصل آباد امین کیمپس کے پروریکٹر چودھری ظہیر جاوید تھے ، دلہنوں نے سرخ رنگ کے عروسی مبلوسات زیب تن کر رکھے تھے ، مدینہ فاؤنڈیشن انتظامیہ کی جانب سے ہر دلہن کو 2لاکھ کا جہیز بھی فراہم کیا گیاجس میں ضروریات زندگی کی اہم ترین اشیاشامل تھیں، مہمانوں کو کھانا دیکر نیک تمناؤں کے ساتھ دلہنوں کو رخصت کر دیا گیا، دلہوں اور دلہنوں کا کہنا تھا کہ وہ زندگی کا نیا سفر شروع کرنے پر بہت خوش ہیں ، والدین نے بیٹیوں کا بوجھ سر سے اترنے پر ناصرف رب العالمین کا شکر ادا کیا بلکہ مدینہ فاؤنڈیشن انتظامیہ کو بھی ڈھیروں دعائیں دیں۔ مہمان خصوصی چوہدری ظہیر جاوید کا کہنا تھا کہ بیاہے جانے والے جوڑوں کا تعلق فیصل آباد، جھنگ، سرگودھا، ڈجکوٹ، لیہ اوردیگر علاقوں سے ہے ، مدینہ فاؤنڈیشن اس سے قبل بھی مستحق جوڑوں کی شادیاں کرا چکا ہے ، آئندہ بھی والدین اپنے بیٹے یا بیٹی کی شادی کیلئے فاؤنڈیشن سے رابطہ کر سکتے ہیں۔