کراچی،اسلام آباد (سٹاف رپورٹر، خبر نگار،این این آئی ، صباح نیوز) سپریم کورٹ نے ریمارکس دئیے کہ رہائشی جگہ کو کمرشل کرکے کراچی کا حلیہ ہی بدل دیا گیا۔سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سماعت کی۔شادی ہالز ایسوسی ایشن کے وکیل انور منصور خان نے کہا کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی(ایس بی سی اے )کے قوانین رہائشی پلاٹ کو کمرشل میں تبدیل کرنے کی اجازت دیتے ہیں۔ عدالت نے درخواست پر فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے انور منصور خان کو تحریری دلائل جمع کرانے کا حکم دیا۔جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دئیے کمرشلائزیشن کا بھی کوئی طریقہ کار ہوتا ہے ،ایسا تو نہیں ہوسکتا کمیٹی کہہ دے آدھا کراچی کمرشلائز کردیاجائے ، دنیا میں شہروں کا ماسٹر پلان ایک بار ہی بنتا اور ڈیڑھ ہزار سال تک ویسا ہی رہتا ہے ، شہر جیسے بنتے ہیں ویسے ہی رہتے ہیں، لیکن آپ کے قوانین تو ایسے ہیں، جس جگہ کو چاہیں، کمرشل کردیں، اس طرح تو رہائشی کو کمرشل کرکے وہاں کی ہیئت ہی تبدیل کردیں گے ، علاقے کا پورا انفراسٹرکچر تبدیل ہوجاتا ہے ، کیا پانی، سیوریج و دیگر مسائل پیدا نہیں ہوں گے ؟پورے کراچی کا حلیہ ہی بدل دیا گیا۔چیف جسٹس گلزار احمد نے کہا کہ پورا کا پورا ڈیفنس سوسائٹی کمرشل کر دیا گیا، اس طرح تو سب کمرشل ہوجائے گا۔ عدالت نے جھیل پارک سے متصل رفاعی پلاٹس کا معاملہ جوں کا توں رکھنے کاحکم جاری کر دیا۔ سپریم کورٹ کراچی رجسٹری نے تجاوزات سے متعلق کیس کے سپریم کورٹ نے تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔سندھ مسلم سوسائٹی میں نسئلہ ٹاور کی تعمیر سے متعلق ایڈووکیٹ جنرل سندھ ،کمشنر کراچی اور ڈی جی ایس بی سی اے کی جانب سے رپورٹ پیش کی گئی سندھ حکومت نے رپورٹ میں اعتراف کیا ہے کہ نسئلہ ٹاور کا ایک پورشن غیر قانونی طور پر تعمیر کیا گیا ہے ۔ عدالت نے نسئلہ ٹاور کے مالک کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔کراچی سرکلر ریلوے سے متعلق کمشنر کراچی نے رپورٹ پیش کردی۔ایف ڈبلیو او نے یقین دہانی کرائی ہے کہ نو ماہ میں سرکلر ریلوے کے بحالی کا کام مکمل کرلیا جائے گا ،عدالت نے آئندہ سماعت پر سرکلر ریلوے کی بحالی سے متعلق پیش رفت رپورٹ طلب کرلی ہے ۔عدالت نے کمشنر کراچی کو کڈنی ہل کے آس پاس تمام غیر قانونی تعمیرات ختم کرنے کا حکم دے دیا ۔یا عدالت نے کمشنر کراچی کو شہر بھر میں رفاہی پلاٹس،کھلے میدان اور رہائشی علاقوں میں قائم شادی ہالز گرانے کا حکم دیا ہے ۔سپریم کورٹ کراچی رجسٹری نے خان پور ریلوے اسٹیشن کے دو ملازمین کی برطرفی کے خلاف اپیلیں مسترد کردیں۔ریلوے ملازم خان بہادر اور محمد لطیف پر ٹکٹ چوری کرکے ریلوے کو ایک کروڑ 95 لاکھ روپے نقصان پہنچانے کا الزام ہے ۔علاوہ ازیں تحریک انصاف فارن فنڈنگ معاملہ پر سپریم کورٹ میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی اپیل پر سماعت پندرہ اپریل کو ہوگی ،عمران خان نے الیکشن کمیشن فیصلہ کے خلاف عدالت عظمی ٰسے رجوع کیا تھا۔سپریم کورٹ کے جج جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نظر ثانی کیس سماعت کے لیے 13اپریل کومقرر کردیا گیا۔جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 10 رکنی فل کورٹ سماعت کرے گا۔سپریم کورٹ نے نوٹسز جاری کردئیے ہیں۔ سپریم کورٹ میں پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ کی ضمانت کا کیس 15 اپریل کوسماعت کیلئے مقرر کرلیا گیا۔ عدالت کی جانب سے پراسیکوٹر جنرل نیب اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کر دیئے گئے ہیں۔عدالت نے کے ایم سی کی درخواست سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے رفاعی پلاٹوں سے متعلق معاملہ جوں کا توں رکھنے کا حکم دے دیا جبکہ عدالت نے پی ای سی ایچ ایس سوسائٹی و دیگر کو نوٹس جاری کردیئے ہیں۔