ممبئی،لاہور، پشاور (این این آئی، کلچرل رپورٹر،شہزادہ فہد)معروف بالی ووڈ اداکار رشی کپور ممبئی کے سر ایچ ایم ریلاؤنس فاؤنڈیشن ہسپتال میں زندگی کی بازی ہار گئے ۔ رشی کپور تقریباً 2 سالکیعرصے سے کینسر سے جنگ لڑ رہے تھے اور انہیں گزشتہ روز سانس لینے میں تکلیف پر ہسپتال میں داخل کروایا گیا تھا۔ان کی وفات پر لیجنڈ اداکار امیتابھ بچن ،رجنی کانت اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے دکھ کا اظہار کیا ہے ۔ادھر لیجنڈ بھارتی فنکار کے انتقال پر پاکستانی فنکاربھی افسردہ ہیں ، معروف اداکارشان ، عمران عباس ، ماورا حسین ،حمائمہ ملک، یاسر حسین ،غنا علی ،معروف فیشن ڈیزائنر حنا بٹ و دیگر نے سوشل میڈیا پر اظہار تعزیت کیا ہے ۔رشی کپو رکے آبائو اجداد کا تعلق خیبر پختونخوا کے شہر پشاور سے تھا جن کا آبائی گھر قصہ خوانی میں ڈھکی کے مقام پر تاحال موجود ہے جو کپور حویلی کے نام سے جانا جاتا ہے ، واضح رہے کہ کپور حویلی 1918 سے 1922 کے درمیان رشی کپور کے پرداد پرتھوی راج کپور کے والد نے تعمیر کرائی تھی، ششی کپوراوررشی کپور نے 1990 میں اپنے دورہ پشاور کے دوران حویلی کو میوزیم بنانے کی خواہش کا اظہار بھی کیا تھا۔