اسلام آباد(سپورٹس رپورٹر)پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ٹیموں کے درمیان کھیلے جانیوالے دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے چوتھے روزجنوبی افریقہ نے اپنی دوسری اننگز میں ایک وکٹ پر127 رنز بنا لئے ،قبل ازیں پاکستان کی ٹیم محمد رضوان کی سنچری کی بدولت اپنی دوسری اننگز میں298 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی اور جنوبی افریقہ کے خلاف369 رنز کی برتری حاصل کرلی،پاکستان کو پانچویں اور آخری روز میچ اور سیریز جیتنے کیلئے 9 وکٹوں کی جبکہ جنوبی افریقہ کو سیریز برابر کرنے کیلئے مزید 243رنز کی ضرورت ہے ۔پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلے جانیوالے دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے چوتھے روزپاکستان نے 129رنز6 کھلاڑی آوٹ پر اپنی نامکمل اننگز کا دوبارہ آغاز کیاتو حسن علی 5 رنز،یاسر شاہ23 ، نعمان علی 45 ،شاہین شاہ 4 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے ۔ محمد رضوان 115 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے ۔جنوبی افریقہ کی جانب سے جارج لنڈے نے 5وکٹ،کیشو مہاراج نے 3اور ربادا نے دو وکٹیں حاصل کیں ۔جنوبی افریقہ کی دوسری اننگز میں پہلی وکٹ33رنز کے مجموعی سکور پر گر گئی جب اوپنر ڈین ایلگر17رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر وکٹ کیپر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ ہو گئے ،ون ڈاون پوزیشن پر وینڈر ڈوسن بیٹنگ کیلئے آئے ۔چوتھے روز چائے کے وقفے پر جنوبی افریقہ کا سکور ایک وکٹ کے نقصان پر37رنز تھا۔چائے کے وقفے کے بعدمارکرم اور ڈوسن ذمہ دارانہ طریقے سے بیٹنگ کرتے ہوئے سکور میں اضافہ کرتے رہے ،اس دوران مارکرم نے اپنی نصف سنچری مکمل کرلی،چوتھے روز کھیل کے اختتام پر جنوبی افریقہ نے ایک وکٹ پر 127رنز بنا لئے ،مارکرم59رنز اور ڈوسن48رنز کیساتھ ناٹ آئوٹ رہے ۔