کراچی ( کامرس رپورٹر) گزشتہ ہفتے پاکستان سٹاک مارکیٹ بدترین مندی کی لپیٹ میں رہی ، کے ایس ای 100انڈیکس 2200پوائنٹس کم ہو گیا اور انڈیکس 31 ہزاراور30ہزار پوائنٹس کی دو بالائی حد سے کم ہو کر29ہزار پوائنٹس کی انتہائی کم ترین سطح پر بند ہوا ،مند ی کے سبب مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے 324ارب روپے ڈوب گئے اور سرمائے کا مجموعی حجم 63کھرب روپے سے گھٹ کر 60 کھرب روپے رہ گیا ۔نئی حکومت کے اقتدار سنبھالنے کے بعد پہلی مرتبہ پاکستان سٹاک مارکیٹ پر شدیدترین مندی دیکھی گئی اور مارکیٹ مسلسل پانچوں دن مندی کی لپیٹ میں دیکھی گئی ۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی ،ٹیکسز کے حوالے سے ایف بی آر کے سخت اقدامات ،سیاسی افق پر چھائی غیر یقینی صورتحال اور مارکیٹ میں سرمایہ کاری کے حوالے سے نیا ٹریگر نہ ہونے کی وجہ سے گذشتہ ہفتے سرمایہ کاری مارکیٹ سے دور رہے اور انہوں نے سرمایہ کاری کرنے سے نہ صرف ہاتھ کھینچ لیا بلکہ سرمائے کے انخلاء اور فروخت کو بھی ترجیح دی جس کیوجہ سے مارکیٹ مسلسل مندی کی زد میں رہی ۔ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق گذشتہ ہفتے پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کے ایس ای100انڈیکس میں2237.34پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی جس سے انڈیکس31666.41پوائنٹس سے کم ہو کر 29429.07 پوائنٹس ہو گیا اسی طرح کے ایس ای 30 انڈیکس 1258.73پوائنٹس کم ہو گیا جس سے انڈیکس 15051.90پوائنٹس سے کم ہو کر13793.17پوائنٹس پر آگیا جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 22976.33 پوائنٹس سے گھٹ کر21767.69پوائنٹس پر بند ہوا ۔بدترین کاروباری مندی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں 3کھرب 24ارب82کروڑ11لاکھ 26ہزار275روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی جس کے نتیجے میں مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ 63کھرب44ارب97کروڑ13لاکھ 95ہزار413روپے سے گھٹ کر 60 کھرب 20 ارب 15 کروڑ 2لاکھ 69ہزار138روپے رہ گیا ۔پاکستان سٹاک مارکیٹ میں گذشتہ ہفتے ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر کے ایس ای 100انڈیکس31666.41پوائنٹس کی بلند سطح کو چھو گیا تھا مگر مندی کی بڑی لہر آنے سے انڈیکس ایک موقع پر 29333.20پوائنٹس کی پست ترین سطح پر بھی آگیا تھا ۔گذشتہ ہفتے مارکیٹ میں زیادہ سے زیادہ 4ارب روپے مالیت کے 10کروڑ90لاکھ97ہزار حصص کے سودے ہوئے جبکہ کم سے کم1ارب روپے مالیت کے 5کروڑ20لاکھ9ہزار حصص کے سودے ہوئے تھے ۔ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں گذشتہ ہفتے مجموعی طور 1619کمپنیو ں کا کاروبار ہوا جس میں سے 482کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ،1041میں کمی اور96کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا ۔گذشتہ ہفتے مندی کے باوجود کاروبار کے لحاظ سے میپل لیف ،کے الیکٹرک ،حب پاور ،ٹی آر جی پاک لمیٹڈ ،فوجی فرٹیلائزر ،پاک پیٹرولیم ،ورلڈ کال ٹیلی کام ،آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ ،پاک الیکٹرون ،انٹرنیشنل اسٹیل لمیٹڈ ،اینگرو پولیمر ،یونائیٹڈ بینک ،ڈی جی کے سیمنٹ ،ایگری ٹیک لمیٹڈ ،لوٹے کیمیکل ،بینک آف پنجاب ،نشاط ملز لمیٹڈ ،فیصل بینک ،چیرٹ سیمنٹ ،حیسکو لپیٹرول،اور ٹری اسٹار پولی سر فہرست رہے ۔