لاہور (کر ائم ر پو ر ٹر،نمائندگان 92 نیوز ) ٹریفک کے المناک حادثات کے دوران خاندان کے 6 افراد سمیت 18شہری زندگی کی بازی ہار گئے ۔ بتایا گیا ہے کہ لاہور مانگامنڈی بائی پاس پرکنٹینر کی رکشہ کو ٹکر سے انیس جاں بحق جبکہ نصیر زخمی ہو گیا۔ خیرپورٹامیوالی میں تحصیل لیاقت پور 78 اے کے رہائشی افراد کیری ڈبہ پر لیاقت پور سے بہاولنگر شادی کی تقریب میں جا رہے تھے کہ رات تقریباً ڈیڑھ بجے خیرپورٹامیوالی کے قریب اڈا کھجی والا حاصلپور روڈ پر ڈارئیور کو نیند آنے سے تیز رفتاری کے باعث آگے سے جانے والی نامعلوم ٹریکٹر ٹرالی کے پیچھے سے ٹکرانے سے چھ افراد موقع پر جاں بحق ہو گئے جبکہ آٹھ افراد زخمی ہو گئے ۔ سکھر میں ببرلو بائی پاس پر تیز رفتار کار بے قابو ہوکر الٹ گئی، حادثے میں کار میں سوار چار افراد موقع پر ہی جاں بحق جبکہ ایک خاتون شدید زخمی ہو گئی ۔ ڈیرہ غازی خان میں سیاحوں سے بھری گاڑی فورٹ منرو سے شجاع آباد جارہی تھی کہ راکھی گاج کے قریب کھائی میں جا گری حادثہ کے نتیجہ میں دو افراد جاں بحق جبکہ 17سے زائد شدیدزخمی ہو گئے ۔ سیالکوٹ میں گوجرانوالہ جی ٹی روڈ پر موترہ نہر کے قریب چاند گاڑی اور موٹرسائیکل میں تصادم کے نتیجہ میں ایک نامعلوم شخص جاں بحق، جبکہ 10سالہ یاسین، 12سالہ مبین، 40سالہ آصفہ اور 75سالہ نعیم شدید زخمی ہوگئے ۔ دوسرے حادثہ میں نارووال روڈ پر ٹریکٹر ٹرالی الٹ گئی جس کے نتیجے میں ذیشان نیچے آکر دم توڑ گیا۔ قصور،چونیاں میں کار کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار محمد صدیق،چھانگا مانگا روڈ کندن موڑ کے قریب کار کی ٹکر سے عمران جاں بحق ساتھی کاشف زخمی ہو گیا۔ ساہیوال میں شہہ زور ڈالہ نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی جس کے نتیجہ میں حمیداں بی بی جاں بحق اور طالبعلم زخمی ہو گیا۔ کامونکے میں محلہ سلامت پورہ کا رہائشی منیر کار کی زد میں آکر جاں بحق ہو گیا۔