مظفرگڑھ ،جتوئی (نمائندہ 92 نیوز،نامہ نگار)جمعیت علماء اسلام (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت مکمل طور ناکام ہوچکی ہے اور وہ ابتک جھوٹے وعدوں کے سوا کچھ بھی ڈیلیور نہیں کرسکی ،جنرل الیکشن سے پہلے بلدیاتی الیکشن کرانا جمہوریت کے لیے نقصان اور ملک سے غداری ہوگی۔ حکومت چینی سمیت تمام چیزوں کے بحران میں خود شامل ہے ،پاکستان ایک اسلامی ملک ہے اور اسلام آباد میں مندر بالکل نہیں بننا چاہیے ۔حکومت نے عوام دشمن بجٹ دیا ہے مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی ، ان حالات میں بلدیاتی الیکشن ہرگز نہیں ہونے چاہیئں بلکہ جنرل الیکشن ہونا چاہیے ۔ مظفرگڑھ کی تحصیل جتوئی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فضل الرحمن نے کہا حکومت پانچ سال مکمل نہیں کرسکے گی اگر مکمل کئے تو ملک نہیں بچے گا ،اپوزیشن کا بار بار احتساب کیا جارہا ہے اور نیب کے ذریعے پریشان کیا جارہا ہے حالانکہ حکومت کے ارکان خود میگا کرپشن میں ملوث ہیں۔