لاہور،اسلام آباد(نیوزرپورٹر،سپیشل رپورٹر) سپیکر قومی اسمبلی کی ہدایت پر ریلوے کے قائم مقام چیف ایگزیکٹوآفیسر،سینئرجنرل منیجر نے ملتان ڈویژن اور خاص طور پر راجن پور میں نئی بھرتیوں کے سلسلے میں ہونے والی مبینہ بے ضابطگیوں کی تحقیقات کیلئے چیف انجینئر مکینیکل لوکو اور چیف پرسانل آفیسر پر مشتمل کمیٹی تشکیل دیدی ہے ۔ یہ کمیٹی دو ہفتوں کے اندر تحقیقات کرکے اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔قومی اسمبلی کے گزشتہ اجلاس میں حکومتی جماعت کے رکن سردار ریاض نے انکشاف کیا تھا کہ پاکستان ریلوے میں بھرتیوں کے دوران فراڈ اور ڈیڑھ لاکھ روپے رقم کے عوض نوکریاں فروخت کی گئی ہیں۔انہوں نے کہا تھا کہ راجن پور میں 21 اسامیوں پر فی آسامی ڈیڑھ لاکھ روپے رشوت لی گئی ۔ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے پاکستان ریلوے کو تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی سردار ریاض کی شکایت پر بھرتیوں کے حوالے سے انکوائری کرنے کی ہدایت کی گئی تھی ۔