لاہور( حافظ فیض احمد) ریلوے نے ٹرین انجنوں کی مرمت کی وزارت ریلویز سے 2ارب روپے مانگ لئے جبکہ سابق وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق کے دور میں چین سے آنیوالے 63 انجنوں کی مرمت کی مد میں چینی کمپنی کو معاہدہ کے مطابق15ملین ڈالر کی ادائیگی کرنے کیلئے بھی رقم کا مطالبہ کردیا۔ ذرائع کے مطابق ہفتہ کے روز ریلوے ہیڈ کوارٹرز میں ہونیوالے اعلیٰ سطح اجلاس میں وفاقی وزیر ریلویز شیخ رشید کو چیف مکینیکل انجینئر عبدالمالک نے ریلوے انجنوں کے فیل ہونے اور استعمال سے متعلق بریفنگ دی ، بتایا گیا کہ سابق وزیر خواجہ سعد رفیق کے دور میں امریکہ سے خریدے گئے 75 انجنوں میں سے بعض میں خرابی کی شکایات آ رہی ہیں اور انکے بریک بلاک بھی ختم ہو رہے ہیں جس کیلئے 2ارب روپے کی ضرورت ہے ۔رقم سے بعض انجنوں میں آنیوالی خرابی کو بر وقت مرمت کیا اور دیگر معاملات کو بہتر بنایا جا سکے گا۔ واضح رہے کہ سعد رفیق دور میں ریلوے حکام نے ایک امریکی کمپنی سے 4ہزار ہارس پاور کے 55انجن جبکہ2ہزار ہارس پاور کے 20انجن خریدے تھے جن سے متعلق شیخ رشید متعدد بار بیان دے چکے ہیں کہ مہنگے ترین انجن خریدے گئے اور یہ نیب کیس ہے ۔ ذرائع کے مطابق امریکہ سے خریدے گئے جدید انجن کمپیوٹرائز ہیں،تاہم بعض انجنوں میں خرابی کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، اسی طرح امریکی انجنوں کے بریک بلاک ختم ہو رہے ہیں۔ وفاقی وزیر ریلویز کو امریکی انجنوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ چین سے خریدے گئے 63 ریلوے انجنوں کی مرمت کیلئے چینی کمپنی سے معاہدہ کیا گیا تھا جس کے تحت ہر سال چینی کمپنی کو15ملین ڈالر کی ادائیگی کی جاتی ہے جو ابھی تک نہیں کی گئی ۔اس موقع شیخ رشید نے ریلوے کے ایف اینڈ سی ای او کو ہدایت کی کہ کمپنی کو رقم ادا کی جائے اور اس حوالے سے اقدامات کئے جائیں۔ بریفنگ کے دوران وفاقی وزیر کو بتایا گیا کہ فریٹ ٹرینوں کیلئے 101انجن استعمال میں ہیں جس سے مال بردار ٹرینوں کی تعداد میں اضافہ ہو ا۔