واشنگٹن،تہران(نیٹ نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے پھرمدد کی پیش کش کردی۔ٹرمپ نے کہا کہ اگرایرانی رہنما مدد مانگیں تو مثبت جواب دینا میری اخلاقی ذمہ داری ہوگی،اگر وہ ملنا چاہتے ہیں تو ہمارے پاس ان کیلئے پیار ہے اور ہم تمام چیزیں سیٹ کرینگے ۔دوسری طرف ایران نے امریکہ کی جانب سے طبی پابندیوں کے نتیجے میں ورلڈ پبلک ہیلتھ کو غیرمعمولی خطرہ قرار دیتے ہوئے عالمی برادری پرزور دیا ہے کہ وہ پابندیوں کے خاتمے کیلئے واشنگٹن پر دباؤ ڈالے ۔اقوام متحدہ میں ایران کے مستقبل مندوب اسمعاعیلی بقائی نے کہا کہ امریکی پابندیاں انسانیت کیخلاف جرم ہیں، شہریوں کی طبی سہولیات تک رسائی نہ دیگر ممالک سے رابطہ ممکن ہو رہا ہے ۔عرب خبر رساں ادارے کے مطابق میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کورونا سے بری طرح متاثر ایران کی امریکی پابندیوں کے باوجود مدد کریں لیکن اب تک ایران کی جانب سے مدد کیلئے نہیں کہا گیا ہے ۔پریس ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق تہران کے ایک سینئر سفارتکار نے ڈبلیو ایچ او کے ڈائریکٹر جنرل کومراسلے میں کہا کہ امریکی پابندیاں دراصل انسانیت کے خلاف جرائم کے مترادف ہیں۔اقوام متحدہ میں ایران کے مستقبل مندوب اسمعاعیلی بقائی نے کہا کہ امریکی پابندیوں کی وجہ سے عام ایرانی شہری کو طبی سہولیات تک رسائی ممکن نہیں ہورہی ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ امریکی پابندی کے نتیجے میں دیگر ممالک سے رابطہ ممکن نہیں رہا ۔ دریں اثناامریکی فوج کے سابق وائس چیف آف اسٹاف جنرل جیک کین نے امریکی صدر سے سفارش کی ہے کہ وہ کوروناوائرس کے پھیلاؤ کے باوجود ایران پر عائد پابندیاں برقرار رکھیں۔