روزنامہ 92 نیوز لاہور کی رپورٹ کے مطابق جیل خانہ جات حکام نے قیدیوں کی بنائی گئی اشیاء کو مارکیٹ میں متعارف کرانے کا منصوبہ بنایا ہے جس کے ذریعے جیلوں کے ہنر مند قیدیوں کی تیار کردہ مصنوعا ت کو محض جیلوں کی انتظار گاہوں میں سجانے کی بجائے باہر کی دنیا میں بھی انکی تشہیر کی جائے گی۔ جیل حکام کا یہ نہایت قابل تحسین اقدام ہے۔ جیلوں کے قیام کا مقصدمجرموں کو ا ن کے جرم کا احساس دلانے کے ساتھ ساتھ ان کی اصلاح او ر فلاح بھی ہے۔ بلاشبہ جیلوں میں کئی ایسے قیدی ہوتے ہیں جنہیں قدرت نے وافر تخلیقی صلاحیتوں سے نوازا ہوتا ہے یہی وجہ ہے کہ اپنی اصلاح چاہنے اور معاشرے کے کارآمد شہری بننے کااحساس اور جذبہ رکھنے والے کئی قیدی جیل میں بھی اپنی ہنر مندی اور صلاحیتوں کا بھر پوراظہار کرتے ہیں۔ لہٰذا ان کی بنائی گئی اشیاء مارکیٹ کرنے سے نہ صرف ان کی حوصلہ افزائی ہو گی بلکہ ان چیزوں کی فروخت سے جیلوں کی آمدنی میں بھی اضافہ ہو سکے گا۔ جیل حکام کو چاہیے ان مصنوعات کو’’ ہنرمند قیدیوں کی بنائی گئی اشیاء ‘‘کے ٹیگ کے ساتھ نا صرف بڑی بڑی نمائشوں میں متعارف کرائیں بلکہ ان کی فروخت سے ہونے والی آمدنی کا کچھ حصہ متعلقہ قیدی کو بھی دیا جائے۔