کراچی،پشاور،ریاض، ابو ظہبی،نیویارک(92نیوزرپورٹ،مانیٹرنگ ڈیسک،این این آئی،نیٹ نیوز) پاکستان میں رمضان المبارک کاچاندنظرنہیں آیا،یکم رمضان المبارک اور پہلا روزہ کل بروزہفتہ25اپریل کوہوگا۔گزشتہ روزچیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمٰن نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایاکہ پشاورسمیت ملک کے کسی علاقہ سے چاندنظرآنے کی شہادت موصول نہیں ہوئی۔اتفاق رائے ست فیصلہ کیاگیاکہ یکم رمضان المبارک 25 اپریل بروز ہفتہ کو ہوگی۔انہوں نے کہا کہ ہم سب پرحکومتی ایس اوپیزکی پابندی لازم ہے ،تمام مساجدکی انتظامیہ 20نکات پرعملدرآمدیقینی بنائے ،علماسے اپیل کرتاہوں کہ حکومتی ایس اوپیزپرعمل کرلیں،معمرافرادنمازگھرپرپڑھیں،نابالغ،بزرگ اور بیمار لوگ مسجد نہ آئیں،جن کو نزلہ ،بخار اور کھانسی کی شکایت ہے وہ مسجد نہ آئیں۔ مسئلہ کے حل پر صدر ، وزیر اعظم ، پیر نورالحق قادری کاشکر گزار ہوں ،اس سال مساجد میں اجتماعی افطار کی اجازت نہیں ہوگی،عوام وزیراعظم کے فنڈمیں دل کھول کرعطیات دیں۔ادھرپشاور میں مفتی شہاب الدین پوپلزئی نے آج پہلے روزے کااعلان کردیا جبکہ دعویٰ کیا گیا کہ ایک خاتون سمیت 9افرادکی چاند دیکھنے کی شہادتیں موصول ہوئی ہیں۔علاوہ ازیں سعودی عرب ،متحدہ عرب امارات،مصر، تیونس، لبنان، ملائیشیا، انڈونیشیا، سنگاپور اور آسٹریلیا میں رمضان المبارک کا چاند نظر آگیا، وہاں آج بروز جمعۃ المبارک کو یکم رمضان اورپہلا روزہ ہے ۔ادھرطے شدہ کیلنڈرپرعمل کرنیوالی بعض مسلم تنظیموں کے اعلان پر امریکہ اور کینیڈا میں آج پہلا روزہ ہے ۔فقہ کونسل برائے شمالی امریکہ کے مطابق امریکہ اور کینیڈا میں فلکیاتی تخمینے کے تحت 24 اپریل کو ہی رمضان المبارک کا آغاز ہونا تھا۔برطانیہ میں بھی کیلنڈر اور سعودیہ کی پیروی کرنیوالوں کاآج پہلاروزہ ہے ۔ امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے خصوصی ٹوئٹر پیغام میں ماہ رمضان پر دنیا بھرکے مسلمانوں کیلئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا گیا ۔وائٹ ہاؤس کے جاری کردہ صدارتی پیغام میں بھی امریکہ اور دنیا بھر کے مسلمانوں کو رمضان المبار ک کی مبارکباد دی گئی۔امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے پیغام میں کہا کہ رمضان ہمیں ہمدردی، خدمت اور تعاون کی اہمیت کو یاد دلاتا ہے ، تمام مسلمانوں کیلئے نیک خواہشات کا اظہارکرتا ہوں۔برطانوی وزیر صحت میٹ ہینکوک نے مسلمانوں کو رمضان المبار ک کی مبارکباد دی اورکہا کہ ہم جانتے ہیں کہ افطار، اجتماعی نماز اور عید کا تہوار کتنا اہم ،س حوالے سے روٹین میں تبدیلیوں اور گھر پر ہی رہنے پرآپ کا شکریہ ۔