مری(این این آئی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ڈاکٹروں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے مریضوں کے ساتھ شفقت اور ہمدردی کا سلوک کریں اور معالج کی حیثیت سے علاج کے ساتھ بیماریوں کی روک تھام اور صحت کی نگہداشت پر زیادہ توجہ مرکوز کریں۔ گزشتہ روزیہاں بھوربن میں پاکستان ایسوسی ایشن آف آرتھوڈونٹسٹس(پی اے او) کے زیراہتمام 7ویں انٹرنیشنل آرتھوڈونٹک کانفرنس سے خطاب میں صدر مملکت نے کہا کہ مصنوعی ذہانت نے تشخیصی صلاحیتوں میں اضافہ کیا ہے جس سے ڈاکٹروں کے معالج کے طور پرکردار کی اہمیت بھی بڑھ گئی ہے ، اس کے علاوہ دندان سازی کی تعلیم کا معیار بھی بہتر ہوا ہے ۔ صدر مملکت نے ڈاکٹروں پر زور دیا کہ وہ لوگوں کو بیماریوں سے بچانے کیلئے عوام میں آگاہی پھیلائیں۔ انہوں نے کہاکہ لوگوں میں شعور بیدار کرنے سے نہ صرف دندان سازوں کو اطمینان ملے گا بلکہ آئندہ نسلوں میں مثبت اور عوامی خدمت کی عادت پیدا ہو گی۔ صدر مملکت نے یاد دہانی کراتے ہوئے کہا کہ وہ ڈینٹل کالج کے قیام کا لائسنس حاصل کرنے والے پہلے شخص تھے ،انہوں نے تمام گریجویٹس پر زور دیا کہ وہ اپنی تعلیم اور پیشے پر زیادہ توجہ مرکوز کریں تاکہ وہ نئے چیلنجوں کا سامنا کر سکیں۔تقریب میں ملکی و غیرملکی آرتھوڈونٹسٹس نے شرکت کی۔ قبل ازیں پی اے او کے صدر نے صدر عارف علوی کو شیلڈ پیش کی۔ بعدازاں صدر مملکت نے ملکی اور غیر ملکی مندوبین میں ایوارڈز تقسیم کئے ۔