اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک)قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے نجکاری میں انکشاف کیا گیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پی آئی اے کا نیویارک کا روزویلٹ ہوٹل خریدنا چاہتے ہیں۔اجلاس میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ آصف نے سوال کیا کہ کیا امریکی صدر روزویلٹ ہوٹل خریدنا چاہتے ہیں جس پر ایم ڈی پی آئی اے انویسٹمنٹ لمیٹڈ ڈاکٹر نجیب سمیع نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ ماضی میں روزویلٹ ہوٹل خریدنا چاہتے تھے اور وہ اب بھی دلچسپی رکھتے ہیں۔کمیٹی کو بتایا گیا کہ روزویلٹ ہوٹل 99 سال تک منافع دیتا رہا لیکن پچھلے سال ہوٹل کو 15 لاکھ ڈالرز کا نقصان اٹھانا پڑا، روزویلٹ کو مکمل ہوٹل کے طور پر چلانا منافع بخش نہیں۔خواجہ آصف نے کہا کہ ہم قطعی طور پر نجکاری کیخلاف نہیں لیکن اس وقت نجکاری کرنا مناسب نہیں ۔ ن لیگ کو اپنے دور میں پی آئی اے کو فروخت کرنا چاہیے تھا، یہ اسکی غلطی ہے ۔وزیر نجکاری محمد میاں سومرونے کہا کہ فنانشل ایڈوائزر روزویلٹ ہوٹل کی لیز سے متعلق فیصلہ کریگا۔ اجلاس میں خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پی آئی اے کے پائلٹس کی جعلی ڈگریوں کے معاملے پر حقائق بیان کیے جائیں۔سیکرٹری ایوی ایشن نے کمیٹی کو بتایا کہ سپر یم کورٹ کی ہدایت قائم کمیٹی نے 450 پائلٹس کی ڈگریوں کا فرانزک آڈٹ کیا، کمیٹی نے 262 پائلٹس کی ڈگری مشکوک قرار دی ۔ وزیر ہوا بازی غلام سرور نے بتایا کہ جعلی ڈگری پر 28 پائلٹس کو برطرف کیا گیا جبکہ 58 کے لائسنسز معطل کئے ۔دوسری جانب وفاقی وزیر صنعت و پیدا وارحما د اظہر نے بتایا کہ سٹیل ملز کی کچھ زمین لیز پر دے رہے ہیں۔سٹیل ملز کو پرائیویٹ شراکت داروں کیساتھ ملکر چلائیں گے نجکاری نہیں ہو گی۔سینٹ قائمہ کمیٹی برائے صنعت و پیدا وار کا اجلاس چیئرمین سینیٹر احمد خان کی زیر صدارت ہوا۔اجلاس میں سینیٹر سراج الحق کی طرف سے اٹھائے گئے پاکستان سٹیل مل کے حوالے سے معاملات کا جائزہ لیا گیا۔سراج الحق نے تجویز دی کہ مل کی نجکاری کرنے کی بجائے اسے قابل عمل بنایا جائے اور ادارے کے سی ای او کا جلد سے جلد تقرر کیا جائے ۔