لندن (نیٹ نیوز) امریکہ میں سابق برطانوی سفیر کے لیک ہونیوالے میمو کے مطابق سر کم ڈیرک نے کہا کہ صدر ٹرمپ نے ایران کیساتھ جوہری معاہدے کو سابق صدراوباما کو تکلیف پہنچانے کیلئے ختم کیا تھا، انہوں نے ٹرمپ کے اس اقدام کو سفارتی غارت گری سے تعبیر کیا۔ڈیلی میل کی رپورٹ کے مطابق یہ میمو 2018میں بھیجا گیا تھا جب اس وقت کے برطانوی وزیر خارجہ بورس جانسن نے امریکہ سے اپیل کی تھی کہ وہ جوہری معاہدے پر قائم رہے ۔کم ڈیرک نے لکھا کہ بظاہر صدر ٹرمپ اس معاہدے کو ’’شخصی وجوہات‘‘ کی بنا پر ترک کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں کیونکہ یہ معاہدہ انکے پیشرو صدر اوباما نے طے کیا تھا، ٹرمپ کے مشیروں میں اختلاف پایا جاتا ہے اور وائٹ ہاؤس کے پاس سوائے پابندیاں عائد کرنے کے کوئی متبادل حکمت عملی نہیں ، در حقیقت ٹرمپ انتظامیہ سفارتی غارت گری کے عمل پر کاربند ہے ۔