ڈیووس (نیٹ نیوز ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ امریکہ ایک ہزار ارب درخت لگانے کی مہم میں شامل ہوگا۔سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیووس میں ورلڈ اکنامک فورم کی تقریب سے خطاب میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا یہ وقت ناامیدی کا نہیں بلکہ امید کا وقت ہے ۔ ٹرمپ نے کہا اقتدار سنبھالا تو امریکی معیشت خراب تھی، امریکی ورکنگ کلاس کے لئے کوئی کام نہیں کیا گیا تھا، میرے دور میں امریکہ میں بیروزگاری میں ریکارڈ کمی ہوئی، 70 لاکھ نوکریاں پیدا کیں، امریکہ اب ترقی کی منازل طے کر رہا ہے ۔انہوں نے بتایا گزشتہ ہفتے چین اور ماسکو سے تجارتی معاہدے کئے ، چین کے ساتھ تجارتی معاہدے کا دوسرا مرحلہ جلد شروع ہوگا، ہم برطانیہ کیساتھ بھی نئے تجارتی معاہدے کے خواہاں ہیں۔انہوں نے کہا پہلی بار بڑی تعداد میں خواتین امریکی فوج کا حصہ بنیں۔