نیویارک( ندیم منظور سلہری سے ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حامیوں نے گزشتہ روز نیویارک سے ملحقہ ریاست نیوجرسی کے علاقہ اٹلانٹک سٹی بیچ پر ایک انوکھے انداز سے الیکشن مہم کے سلسلے میں بیچ پارٹی کا اہتمام کیا جس میں بڑی تعداد میں مردو خواتین نے شرکت کی۔ بیچ پر بڑے بڑے پوسٹر اور صدر ٹرمپ کی قد آور تصاویر کے علاوہ بڑے جھنڈے بھی لہرائے گئے جن پر اگلے سال ہونے والے صدارتی الیکشن کی مناسبت سے صدر ٹرمپ 2020 لکھا ہوا تھا۔ ٹرمپ کے حامیوں کا کہنا تھا کہ ہر ویک اینڈ پر نت نئے انداز سے پارٹی منعقد کرنے کا مقصد لوگوں کو باور کرانا ہے کہ امریکہ جتنا محفوظ اب ہے پہلے کبھی نہیں تھا ۔امریکی شہری ڈیوڈ اور انکی وائف آئرین نے بتایا کہ ہم نے مختلف پُرفضا مقامات کی لسٹ مرتب کر رکھی ہیں، ہر ویک وینڈ پر پارٹیاں منعقد کی جا رہی ہے بہت عرصے کے بعد ہمیں ایک بہادر شخص ملا ہے جو عوام کی بہتری اور ملک کے بہترین مفادات کو مقدم رکھے ہوئے ہے ۔" 92 نیوز " کی مرتب کردہ رپورٹ کے مطابق صدر ٹرمپ کے جوشیلے خطابات نے انکے حامیوں میں بھی تحریک پیدا کر دی ہے جسکا عملی مظاہرہ اٹلانٹک بیچ پارٹی میں دیکھنے کو ملا۔ صدر ٹرمپ نے مسلمانوں کے بارے میں بھی مصلحتاً اپنا رویہ نرم کر رکھا ہے ۔رائے عامہ کی اکثریت کا کہنا ہے کہ ڈیموکریٹک پارٹی میں ٹرمپ کو شکست دینے والاکوئی لیڈر موجودنہیں۔