اسلام آباد،راولپنڈی(سپیشل رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک، 92 نیوزرپورٹ) وزیر ریلوے شیخ رشید نے دعویٰ کیا ہے مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ایک نہیں دو ملاقاتیں ہوئی ہیں، کیاشہباز شریف،خواجہ آصف، احسن اقبال ن لیگ کے ممبر نہیں؟، ان لوگوں نے جھوٹ بولنے کی قسم کھائی ہوئی ہے ، یہ چچا اور بھتیجی کی لڑائی ہے ، سیاست بڑی بے رحم چیز ہوتی ہے ،یہ جو مرضی کرلیں بالآخر ان کا انجام برا ہے ،مریم نواز جس دن سچ بولیں گی وہ ان کی سیاست کا آخری دن ہوگا، کچھ روز قبل بھی احسن اقبال اور خواجہ آصف نے عسکری قیادت سے ون آن ون ملاقات کی،بلاول اور شہباز شریف کو چیلنج کرتا ہوں کسی بھی چینل پر آجائیں ، میں واضح کر دوں گا دونوں ملاقاتیں ہوئیں اور دیگر رہنما بھی وہاں موجود تھے ،ملاقاتوں کا نواز شریف کو نہیں پتا تو میں اس کا ذمہ دار نہیں ہوں ،کچھ عرصہ قبل ہونے والی ملاقات کابھی نواز شریف کو نہیں پتہ ہوگا،دسمبر جنوری میں نون لیگ سے شین لیگ نکلے گی اور ان میں اختلافات پڑیں گے ۔ اپوزیشن کیاے پی سی اور مریم نواز کے بیان پر ویڈیو بیان میں انہوں نے کہاایک ملاقات میں شہباز شریف اور میں ایک ہی ٹیبل پر تھے ، احسن اقبال عسکری قیادت کیساتھ دونوں ملاقاتوں میں شریک تھے ، پہلی ملاقات 5 ، دوسری 3 گھنٹے سے زائد جاری رہی۔ 16تاریخ کو آرمی چیف اورڈی جی آئی ایس آئی کی پارلیمانی لیڈروں سے ملاقات کو انگریزی اخبار نے مختلف رنگوں میں پیش کیا،کل میں نے اس ملاقات کی اصل حقیقت پیش کی،پندرہ بیس جتنے بھی لیڈر تھے انہوں نے ملاقات کی،آج فیصل آباد میں پریس کانفرنس کر کے پوری قوم کو واضح کروں گا،ملاقاتیں گلگت بلتستان کے انتخابات اور صوبہ بنانے سے متعلق تھیں،ساڑھے پانچ گھنٹے کی ملاقات میں ڈنر بھی تھا،ان کا صرف مقصد مارچ کے سینیٹ کے انتخابات ہیں جس میں پی ٹی آئی اکثریت لے گی، اس کو سبوتاژ نہیں ہونے دیں گے ، زیادہ مجبور کیا گیا تو ساری ملاقاتوں کا ڈیٹا بتا دوں گا، اکثر ہم جاتے ہیں تو یہ پہلے اندر بیٹھے ہوتے ہیں، وزیر اعظم پہلی اور دوسری میٹنگ میں نہیں تھے ۔