کراچی (سٹاف رپورٹر) چیئرمین پاک سرزمین پارٹی مصطفی کمال نے کہا ہے آرمی چیف کراچی کو برباد ہونے سے بچالیں ،وفاقی حکومت کے بعد صوبائی حکومت کی صفائی مہم ناکام ہو گئی ، سندھ ہائی کورٹ کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا سٹی گورنمنٹ، وفاقی حکومت کے بعد صوبائی حکومت کی صفائی مہم بھی ناکام ہوگئی ،کراچی میں تیسری صفائی مہم جاری ہے لیکن صفائی نظر نہیں آرہی ، مہم سے نہیں نظام سے کراچی صاف ہوگا، کراچی پاکستان کو 70 فیصد ریونیو دیتا ہے ، اسکے نظام کیلئے بھی آرمی چیف ثالثی کا کردار ادا کریں،آرمی چیف کے سوا کوئی بھی اس شہر کا حل پیش نہیں کر سکتا۔ 20 ارب سے زائد پیسہ لگانے کے بعد نیسپاک کی رپورٹ آئی کہ کے فور کا روٹ صحیح نہیں ، یہ کراچی نہیں بلکہ ملک کے خلاف سازش ہورہی ہے ، کراچی میں ٹارگٹ کلنگ بند ہوئی تولوگ ڈینگی اور کتے کے کاٹنے سے مر رہے ہیں۔اس سے قبل سندھ ہائی کورٹ نے سرکاری اراضی کی غیر قانونی الاٹمنٹ کے نیب ریفرنس پر مصطفی کمال اور دیگر ملزمان کی درخواست ضمانت میں توسیع کرتے ہوئے کیس کی سماعت 29 اکتوبر تک ملتوی کردی ۔