اسلام آباد(سپیشل رپورٹر) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہاہے کہ ہمارے ڈاکٹرز اور پیرامیڈکس نے پاکستانی عوام کے تحفظ اور بہبود کے لیے مثالی عزم کا مظاہرہ کیا،ہمیں میڈیکل سائنس میں تیز رفتار ترقی کیساتھ رفتار برقرار رکھنا ہو گی ۔ پاکستان آرمی کی پہلی خاتون جنرل آفیسر کا اے ایم سی کا کرنل کمانڈنٹ بننا پاک فوج اور ملک کے لیے قابل فخر ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو آرمی میڈیکل کور سینٹر ایبٹ آباد کے دورہ کے موقع پر افسران سے خطاب میں کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے ایبٹ آباد آمد پر یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ آرمی چیف نے لیفٹیننٹ جنرل نگار جوہر کو آرمی میڈیکل کور کی کرنل کمانڈنٹ کے بیجز لگائے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل نگار جوہر پہلی خاتون کرنل کمانڈنٹ بن گئیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے دوران جنگ اور زمانہ امن میں آرمی میڈیکل کور کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ قدرتی آفات میں اے ایم سی نے ہمیشہ فرض کی ادائیگی پر لبیک کہا ۔ ڈاکٹروں اور طبی عملے کو جدید افواج، شعبہ صحت میں بہترین عالمی معیار برقرار رکھنا ہو گا۔آرمی چیف کا مزید کہنا تھا کہ کورونا وبا کے خلاف ہمارے ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکس فرنٹ لائن واریئرز بنے ۔