باکو،اسلام آباد(اے ایف پی ،وقائع نگارخصوصی) آذربائیجان اور آرمینیا میں جھڑپیں جاری ہیں ،جنرل سمیت11ہلاک ہوگئے ۔باکو نے مخالفین کے 100 اہلکار مارنے کادعویٰ کیا ہے جبکہ پاکستان نے آرمینیا کے حملے کی مذمت کی ہے ۔روایتی حریف ممالک آذربائیجان اور آرمینیا کی افواج کے مابین اتوار سے جاری مسلح جھڑپوں میں متعدد فوجیوں کی ہلاکت کی اطلاع ہے ۔ منگل کو تازہ جھڑپ میں آذربائیجان کی فوج کے ایک جنرل، ایک کرنل اور پانچ فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ آرمینیا کے بھی 2اہلکار ہلاک ہوئے ۔ روس نے دونوں وسطی ایشیائی ممالک پر کشیدگی کم کرنے کے لیے زور دیا ہے ۔ دونوں سابقہ سویت یونین کی ریاستوں کے مابین علاقائی تنازعہ جاری ہے ۔پاکستان کے دفتر خارجہ کی جانب سے آذربائیجان کے علاقے پر آرمینیا کے حملے کی سخت مذمت کی گئی ہے ۔