لاہور،کراچی،اسلام آباد (سٹاف رپورٹر ، ایجنسیاں ) سابق وزیر اعظم ،( ن ) لیگ کے سینئر نائب صدرشاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف پر ان کے اپنے ہی اراکین کو اعتماد نہیں ہے ، عمران خان کی کرسی اب جہانگیر ترین کے ہاتھ میں ہے ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ملک میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں ، حکومت گرانے سے کچھ نہیں ہوتا، ترین پر سیاسی مقدمات بنائے گئے ، وفاقی حکومت 7 ووٹوں کی برتری سے قائم جبکہ اس سے زائد ارکان ناراض رہنما کے ساتھ ہیں، پنجاب حکومت 8 یا 10 کی برتری سے قائم جبکہ ان کے پاس 30 سے زائد ایم پی ایز ہیں ۔ (ن) لیگ کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سب سے بڑا مافیا عمران خان اور انکی نالائقی ہے ،آپ نالائقوں کے مافیا کے سردار ہیں، جہانگیر ترین عثمان بزدار کو تبدیل کرنے کیلئے سیاسی مہرہ ہے ، بزدار کو تبدیل کرنے کیلئے ترین سامنے لایاگیاہے ، (ن) لیگ فوج کی دشمن نہیں ،بھارت کے مقابلے میں پاک فوج کے بجٹ میں بھی اضافہ کیا جائے ، نوازشریف کا جہانگیر ترین سے کوئی رابطہ نہیں ہوا۔ (ن) لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب نے فواد چودھری کے ڈسکہ کے بارے میں ٹویٹ پر جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ نوازشریف کی پالیسیاں ، ان پر عوام کا اعتماد ہے کہ ڈبے سے ووٹ شیر کا ہی نکلتا ہے ،مسائل کی بنیادی وجہ ووٹ چوری ، آٹا چینی بجلی گیس دوائی چورمافیا ہے جس کے سہولت کار عمران صاحب ہیں۔