اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی)پبلک اکائونٹس کی ذیلی کمیٹی میں آڈٹ حکام نے بتایا ہے کہ پنجاب رینجرز اور ایف سی 2013میں ہونیوالے دھرنے میں خرچ 2کروڑ 50لاکھ کے وائوچرفراہم نہیں کررہے ، ذیلی کمیٹی نے وزارت داخلہ اور پی اے سی سیکرٹریٹ کو دونوں اداروں کو احکامات کی تعمیل نہ کرنے پر اظہار ناراضی کے خطوط جاری کرنیکی ہدایت کر دی ،کمیٹی نے نیکٹا ، ایف آئی اے اور اسلام آباد پولیس کی طرف سے سیکریٹ فنڈ پر آڈٹ اعتراضات اداروں کی طرف سے متعلقہ سرٹیفکیٹ دکھانے پر نمٹادیئے ۔ذیلی کمیٹی کا اجلاس کنوینر شاہدہ اختر کی زیر صدرات ہوا ۔ اجلاس میں وزرات داخلہ کے سال 2013-2014 کے آڈٹ اعتراضات کا جائزہ لیا گیا ،کمیٹی نے سیکرٹری داخلہ کی عدم موجودگی پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ پی اے سی اجلاس میں اگر سیکرٹری داخلہ نہ آئے تو وزارت کے آڈٹ پیراز کو نہیں نمٹایا جائے گا ۔کمیٹی نے اجلاس میں پنجاب رینجرز اور ایف سی کے نمائندوں کی بھی عدم شرکت پر برہمی کا اظہارکیا۔